ایران کے سنی عالم دین کی بس حملے کی مذمت 3 روزہ سوگ
اسلامی جمہوریہ ایران کے جنوب مشرقی صوبے سیستان و بلوچستان کے دارالحکومت زاہدان کے اہل سنت امام جمعہ نے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بس پر دہشت گردی کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔
صوبہ سیستان و بلوچستان کے اہلسنت عالم دین اور زاہدان کی مکی مسجد کے امام جمعہ مولوی عبدالحمید اسماعیل زہی نے دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئےحملے میں سپاہ کے اہلکاروں کی شہادت پرتعزیت اور لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ۔
ایران کے سنی عالم دین نے کہا کہ ملک اور صوبے میں کسی شخص یا گروہ کی جانب سے ایسی کارروائیوں میں کسی کا فائدہ نہیں بلکہ ایسے واقعات سے وطن عزیز ایران کے دشمنوں کو فائدہ پہنچے گا ۔
مولانا اسماعیل زہی نے مزید کہا کہ ہم اس غم میں برابر کے شریک ہیں ہماری دعا ہے کہ پروردگار اس سانحے میں زخمی ہونے والوں کو جلد صحت یاب کرے ۔
در ایں اثناء صوبہ سیستان و بلوچستان کے گورنر احمد علی موھبتی نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے 3 روزہ عام سوگ کا اعلان کیا ۔
لبنان،کویت،عراق،شام،پاکستان اورکئی دیگر ممالک نے ایران میں بس حملے کی مذمت کی ۔
واضح رہے کہ دہشتگردوں نے کل شام زاہدان،خاش سپرہائی وے پرسپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے اہلکاروں کی بس کو کار بم دھماکے کے ذریعے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 27 اہلکار شہید اور 13 زخمی ہوئے جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
بدنام زمانہ دہشت گرد تنظیم جیش الظلم نے اس سفاکانہ کارروائی کی ذمہ داری قبول کی ۔