Feb ۱۹, ۲۰۱۹ ۱۰:۵۷ Asia/Tehran
  • سعودی وزیر خارجہ کا بیان حقائق کو مسخ کرنے کی ناکام کوشش : ایرانی سفیر

پاکستان میں تعینات ایران کے سفیر نے کہا ہے کہ وطن عزیز ایران گزشتہ چار دہائیوں سے دہشتگردی اور انتہاپسندی کا شکار ہے جبکہ سعودی وزیر مملکت کا حالیہ دعوی، دنیا میں تسلیم شدہ حقائق کو مسخ کرنے کی ناکام کوشش ہے.

پاکستان میں تعینات اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر مہدی ہنردوست نے آج منگل کے روز اسلام آباد میں ارنا  سے گفتگو کرتے ہوئے ایران مخالف سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر کی حالیہ ہرزہ سرائی سے متعلق اپنے ردعمل کا اظہار کیا.انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے گزشتہ 40 سالوں میں دہشتگردی اور انتہاپسندی کی لعنت کے خاتمے کے لئے بے پناہ قربانیاں دیں اور اس مقصد کے لئے بڑے معنوی اورمادی نقصانات بھی اٹھائے.

مہدی ہنردوست نے مزید بتایا کہ ان تمام کاوشوں کے باوجود عال الجبیر کی جانب سے پرانے دعووں کو دہرانا اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ ان حقائق کو مسخ کرنا چاہتے ہیں جو عالمی برادری سعودی عرب کے خلاف سمجھتی ہے اور تسلیم کرتی ہے۔

ایرانی سفیر نے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ گزشتہ ہفتے زاہدان،خاش سپر ہائی وے پر ایران کے غیرتمند سرحدی اہلکاروں پر بزدلانہ حملہ کیا گیا جس کی ذمہ داری دہشتگرد تنظیم جیش العدل نے قبول کی جسے خطے کے بعض جابر ممالک کی حمایت حاصل ہے.انہوں نے مزید کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ اس حملے کا مقصد ایران اور پڑوسی ممالک کے درمیان تعلقات کو خراب کرنا اور خطے میں بد اعتمادی کی فضا کو ہوا دینا ہے.

واضح رہے کہ کل اسلام آباد میں سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر نے پاکستان کے وزیر خارجہ شاه محمود قریشی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں ایران پر دہشتگردی کو ہوا دینے کا بے بنیاد، من گھڑت اور تکراری دعوی کیا تھا۔

ٹیگس