Feb ۲۱, ۲۰۱۹ ۱۴:۲۴ Asia/Tehran
  •  امریکہ ایران کے ساتھ مذاکرات میں سنجیدہ نہیں، ترجمان ایرانی وزارت خارجہ

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مذاکرات کی خواہش کو صداقت سے عاری قرار دیا ہے۔

 چینی اخبار گلوبل ٹائمز کے چیف ایڈیٹر اور سینیئر مدیران سے بات چیت کرتے ہوئے ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی کا کہنا تھا کہ امریکہ مذاکرات میں سنجیدہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کو مذاکرات کی بات کرنے سے پہلے اپنا اعتماد بحال کرنے کی ضرورت ہے۔
 وزارت خارجہ کے ترجمان نے واضح کیا کہ ایران اپنے قومی مفادات کے مطابق فیصلے کرتا ہے اور تہران کی پالیسی عالمی طاقتوں کی منشا کو دیکھتے ہوئے تیار نہیں کی جاتیں۔
 بہرام قاسمی نے ایران کے خلاف امریکی پابندیوں کو بین الاقوامی ضابطوں کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا امریکہ کے یکطرفہ اقدامات سے تنگ آچکی ہے۔ انہوں نے کہا  کہ چین، روس اور یورپ، سیاسی لحاظ سے امریکی موقف کے سامنے کھڑے ہوگئے ہیں جس سے پتہ چلتا ہے کہ عالمی حالات ماضی کے مقابلے میں کافی حدتک تبدیل ہوئے ہیں۔
انہوں نے امریکی پالیسیوں  کے مقابلے میں ایران کی استقامت کے بارے میں کہا کہ افغانستان، شام، عراق اور یمن سمیت علاقے کے تعلق سے امریکہ کی غلط پالیسیوں کو دیکھتے ہوئے ایران، اس کے مقابلے میں ڈٹا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ فلسطینیوں کے مقابلے میں صیہونی حکومت کی حمایت کرتا ہے اور اس نے خطے میں انتہا پسندی کو فروغ اور طالبان، القاعدہ اور داعش جیسے شدت پسند گروہوں کو قائم کیا ہے۔

ٹیگس