ایران کے صدر کا دورہ عراق
ایران کے صدر کے دورہ عراق کے دوران کئی معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی کل11 مارچ کو3 روزہ دورے پرعراق کیلئے روانہ ہوں گے۔
صدارتی ہاوس کی اطلاع رسانی کے معاون پرویز اسماعیلی کا کہنا ہے صدر مملکت کا دورہ، عراقی وزیراعظم کی دعوت پر انجام پا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس دورے میں صدر حسن روحانی عراق کے وزیر اعظم اور دیگر اعلی حکام سے ملاقات اور علاقائی اور عالمی مسائل پر گفت و شنید کرنے کے علاوہ مرجع تقلید آیت الله العظمی سیستانی سے بھی ملاقات کریں گے اور کربلا و نجف میں مقامات مقدسہ کی زیارت بھی کریں گے۔
صدر مملکت کے دورہ عراق سے قبل کل ایرانی وزیر خارجہ بغداد پہنچے جہاں انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر کے دورہ عراق کو مشترکہ معاہدوں پر دستخط کیلئے ایک سنہری موقع قرار دیا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایرانی صدر مملکت کا آئندہ دورہ بغداد، دونوں ممالک کے درمیان باہمی معاہدوں پر دستخط کرنے کیلئے ایک مناسب موقع ہے.
انہوں نے کہا کہ اس دورے کے دوران اس ملک کے حکام کے ساتھ اقتصادی اور سیاسی شعبوں خاص طور پر ٹرانزٹ، توانائی اور صنعت کے شعبوں میں باہمی تعلقات بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا.
محمد جواد ظریف نے کہا کہ بعض ممالک دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو خراب کرنا چاہتے ہیں جبکہ کسی بھی ملک کو ان دو پڑوسی ممالک کے تعلقات میں دخل اندازی کا حق نہیں ہے.