صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی کا دورہ عراق
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ عراقی عوام میں امریکا کے تئیں انتہائی نفرت پائی جاتی ہے اور عراقی عوام امریکا کو قابض ملک سمجھتے ہیں- صدر مملکت ڈاکٹر روحانی نے ساتھ ہی کہا کہ ایران اور عراق کے تعلقات کا امریکا جیسے ایک غاصب اور قابض ملک کے ساتھ رابطے سے کوئی موازنہ ہی نہیں کیا جا سکتا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے عراق کے اپنے سرکاری دورے پر روانہ ہونے سے قبل تہران میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کے سلسلے میں علاقے میں نفرت پائی جاتی ہے-
ان کا کہنا تھا کہ امریکا نے جس طرح سے عراق، شام اور علاقے کے دیگر ملکوں کے عام شہریوں پر بم برسائے ہیں انہیں ہرگز فراموش نہیں کیا جا سکتا-
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے امریکی صدر ٹرمپ کے خفیہ طریقے سے انجام پانے والے دورہ عراق کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور عراق کے تعلقات کا امریکا جیسے ایک غاصب اور قابض ملک کے ساتھ رابطے سے کوئی موازنہ ہی نہیں کیا جا سکتا-
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ علاقے کے ملکوں منجملہ عراق کے حق میں ایران کی برادری اور اخلاص، لوگوں کے ذہنوں میں باقی رہے گا اس امید کا اظہار کیا کہ ان کا دورہ عراق دونوں ملکوں کے عوام کے نفع میں ہو گا اور باہمی تعلقات کو پہلے سے بھی زیادہ فروغ دینے میں مدرگار ثابت ہو گا-
صدر مملکت ڈاکٹر روحانی نے کہا کہ ان کے دورہ عراق کا مقصد اقتصادی تعاون میں توسیع، صنعتی علاقوں کا قیام، ایران و عراق کی ریلوے لائن کے پروجیکٹ کو یقینی بنانا، حفظان صحت، ماحولیات، ٹرانزیٹ، سیاحت اور علاقائی سیکورٹی کے شعبوں میں تعاون کو مستحکم بنانا ہے اور ان سبھی موضوعات پر عراق کی قیادت سے مذاکرات انجام پائیں گے-
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی، عراق کے صدر برہم صالح اور وزیراعظم عادل عبدالمہدی کی دعوت پر تین روزہ سرکاری دورے پر پیر کو بغداد پہنچے ہیں- ان کے ہمراہ ایران کا ایک اعلی سطحی سیاسی و اقتصادی وفد بھی عراق گیا ہے-
بغداد ہوائی اڈے پر عراقی حکام نے صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی کا استقبال کیا اور اس کے بعد صدر مملکت اور ان کے ہمراہ وفد کے ارکان نے فورا کاظمین میں حضرت امام موسی کاظم اور حضرت امام محمد تقی علیہما السلام کے حرم مطہر کی زیارت کی-
ایران کے صدر اور ان کے ہمراہ وفد کا قافلہ کاظمین کی زیارت کے بعد بغداد میں عراقی ایوان صدر کی جانب روانہ ہو گیا جہاں عراق کے صدر اور دیگر اعلی حکام نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کا سرکاری طور پر استقبال کیا-