ایران اور دنیا میں جشن مولود کعبہ
مولود کعبہ امیرالمومنین حضرت علی ابن ابیطالب کی ولادت باسعادت کا جشن اسلامی جمہوریہ ایران سمیت پوری دنیا میں انتہائی مسرت و عقیدت کے ساتھ منایا جارہا ہے۔
مولی الموحدین حضرت علی علیہ السلام کی شب ولادت باسعادت کے موقع پر پورا اسلامی جمہوریہ ایران جشن و نور میں ڈوبا ہوا ہے۔
اطلاعات کے مطابق ایران کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں کی مساجد اور امامبارگاہوں میں جشن مولود حرم کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جو کل دیر رات تک جاری رہے گا۔ مولائے کائنات کے جشن ولادت کے مرکزی اجتماعات مشہد مقدس میں حضرت امام رضا علیہ السلام کے حرم مطہر اور قم میں حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے حرم میں منعقد ہوئے ہیں جن میں دسیوں ہزار عاشقان اہلبیت عصمت و طہارت شریک ہیں۔
ایران کی سبھی نجی اور سرکاری عمارتوں اور شاہراہوں کو اس موقع پر بڑی ہی خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا ہے اور لوگ جگہ جگہ ایک دوسرے کو مٹھائیاں تقسیم کر رہے ہیں۔
اس پرمسرت موقع پر عراق اور دنیا کے دیگر ملکوں سے زائرین اور حضرت امیر کے شیدائی نجف اشرف پہنچ چکے ہیں یا پہنچ رہے ہیں اور نجف اشرف میں شاندار جشن منایا جا رہا ہے۔
پاکستان اور ہندوستان میں بھی اگرچہ تیرہ رجب جمعرات کو ہے لیکن ان ملکوں میں بھی جشن کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔