Apr ۱۲, ۲۰۱۹ ۱۰:۳۸ Asia/Tehran
  • سپاہ کے خلاف امریکی اقدامات کے نتائج  کا ذمہ دار واشنگٹن : جواد ظریف

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے خلاف امریکی صدر کے حالیہ فیصلے سے متعلق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے نام ایک خط میں اس اقدام پر شدید احتجاج کیا.

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اپنے خط میں کہا کہ امریکہ، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے خلاف مہم جوئی کے نتائج کا ذمہ دار ہوگا۔

ایران کے وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ اور خطے میں ان کے چند کٹھ پتلی حکمران، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے خلاف مہم جوئی سے ممکنہ خطرات کے ذمہ دار ہوں گے۔

محمد جواد ظریف نے کہا کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی (IRGC) ایرانی مسلح افواج کا ایک ہم حصہ ہے جبکہ امریکہ نے ایک غیرقانونی اور بلاجواز اقدام کے تحت اسے غیرملکی دہشتگرد اداروں کی فہرست میں شامل کردیا۔

انہوں نے کہا کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے دہشت گرد قرار دیئے جانے والے القاعدہ، داعش اور جبهتہ النصره جیسے دہشت گرد گروہوں کے خلاف اقدام کیا جس کی ہمیشہ قدردانی کی گئی۔ 

محمد جواد ظریف نے کہا کہ امریکہ اور اس کے علاقائی اتحادیوں کے برخلاف جو مغربی ایشیا کے علاقے میں دہشت گردوں کے حامی تھے ایران کی مسلح افواج من جملہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی  نے دہشت گردوں کا فرنٹ لائن پر مقابلہ کیا۔

ایران کے وزیر خارجہ نے اپنے خط میں امریکی فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے اشتعال انگیز قرار دیا۔

واضح رہے کہ اس فیصلے کے ردعمل میں ایران نے خطے میں موجود امریکی سینٹ کام فورس کو دہشتگرد گروہ میں شامل کردیا.ایرانی وزیر خارجہ نے سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ ان کے اس خط کو جنرل اسمبلی اور سلامتی کونسل کی دستاویز میں شامل کیا جائے۔

ٹیگس