Apr ۱۲, ۲۰۱۹ ۲۰:۴۶ Asia/Tehran
  • امریکیوں نے اگرغلطی کی تو امریکی سینٹرل کمانڈ کا انجام داعش جیسا ہو گا، سعید جلیلی

ایران کی قومی سلامتی کی اعلی کونسل میں رہبر انقلاب اسلامی کے نمائندے نے خبردار کیا ہے کہ امریکیوں نے اگر کوئی غلطی کی تو مغربی ایشیا میں امریکی سینٹرل کمانڈ کا حشر داعش جیسا ہو گا۔

ایران کی قومی سلامتی کی اعلی کونسل میں رہبر انقلاب اسلامی کے نمائندے سعید جلیلی نے ایران کے دوسرے ٹیلیوژن چینل سے گفتگو میں اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایران وحشیانہ ترین دہشت گردی کی بھینٹ چڑھا ہے، کہا ہے کہ ایسی حالت میں کہ ایم کے او دہشت گرد گروہ نے ایران میں سترہ ہزار سے زائد افراد کو دہشت گردانہ کارروائیوں کا نشانہ بنایا ہے جس میں وہ افراد شہید ہوئے ہیں، امریکہ اس گروہ کی حمایت کرتا رہا ہے۔

سعید جلیلی نے عالمی سطح پر لوگوں کے خلاف امریکی جرائم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ جاپان کے شہروں پر ایٹمی بمباری، ویتنام میں جنگ، غاصب صیہونی حکومت کی ہر طرح سے حمایت، افغانستان و عراق پر لشکرکشی اور داعش جیسے دہشت گرد گروہ کی تشکیل، امریکہ کے صرف چند جرائم کے نمونے ہیں۔

ایران کی قومی سلامتی کی اعلی کونسل میں رہبر انقلاب اسلامی کے نمائندے نے کہا کہ امریکیوں نے گذشتہ چالیس برسوں کے دوران ہمیشہ ایرانی عوام سے شکست کھائی ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ ایرانی عوام اور سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی سے بوکھلائے ہوئے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ  امریکیوں نے اگر کوئی غلطی کی تو مغربی ایشیا میں امریکی سینٹرل کمانڈ کا انجام داعش جیسا ہو گا۔

دریں اثنا برطانیہ میں تعینات ایران کے سفیر نے کہا ہے کہ امریکی فوج میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے خلاف ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ فیصلے پر عمل کرنے کی جرات نہیں ہے۔

برطانیہ میں تعینات ایران کے سفیرحمید بعیدی نژاد نے سی این این چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کو دہشت گرد قرار دینے سے متعلق خدشات پائے جاتے ہیں کیونکہ اس سے خطے میں امریکی فورسز پر فوری اثرات مرتب ہوں گے۔

انہوں نے مغربی ایشیا میں ایران کو تنہا کرنے سے متعلق امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی کوشش کے بارے میں بھی کہا کہ علاقے میں تعاون کے لئے ایران کی پوزیشن بہت بہتر ہے اور عراق، افغانستان اور پاکستان سمیت علاقے کے مختلف ملکوں کے ساتھ ایران کا تعاون اس بات کا بیّن ثبوت ہے۔

واضح رہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے گزشتہ دنوں ایران کے خلاف دشمنانہ پالیسی کے دائرے میں سپاہ پاسدران انقلاب اسلامی کا نام دہشت گرد تنظیم کی فہرست میں ڈال دیا جس کے جواب میں اعلی ایرانی سلامتی کونسل نے امریکہ کو دہشت گردوں کا حامی قرار دیتے ہوئے امریکی سینٹ کام فورس کو دہشت گرد گروہ میں شامل کر دیا ہے۔

ٹیگس