Apr ۱۶, ۲۰۱۹ ۱۸:۲۸ Asia/Tehran
  • ایران کے وزیر خارجہ کا دورہ شام

ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف ایک اعلی سطحی سیاسی اور اقتصادی وفد کے ہمراہ شام پہنچ گئے ہیں جہاں اعلی حکام نے ان کا پر تپاک خیر مقدم کیا ہے۔ وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف شام کے بعد ترکی کا بھی دورہ کریں گے۔

شام کے دارالحکومت دمشق کے بین الاقوامی ایئر پورٹ پر صحافیوں بات چیت کرتے ہوئے ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے کہا ان کے دورے کا مقصد باہمی سمجھوتوں اور معاہدے کو آگے بڑھانے اور علاقائی بین الاقوامی مسائل کے بارے میں تبادلہ خیال کرنا ہے۔

ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ وہ اسی غرض سے شام کے بعد ترکی کا دورہ کرنے کا بھی ارادہ رکھتے ہیں۔

ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے کہا کہ زمینی اور سیاسی سطح پر امریکی اور صیہونی پالیسیوں کی پے در پے شکست کے بعد واشنگٹن نے علاقائی اور عالمی سطح پر مخاصمانہ پالیسیوں پر عمل شروع کردیا ہے۔ایران کے وزیر خارجہ نے شام کے علاقے جولان کی بلندیوں کو اسرائیل کا حصہ تسلیم کیے جانے، امریکی سفارت خانے کی بیت المقدس منتقلی اور ایرانی فوج کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی فورس کو دہشت گرد قرار دیے جانے جیسے ٹرمپ کے اقدامات کو احمقانہ، غیر قانونی اور عالمی ضابطوں کے منافی قرار دیا۔

ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے کہا کہ مذکورہ مسائل اور معاملات کو مد نظر رکھتے ہوئے ضرورت اس بات کی ہے کہ خطے میں زمینی سطح پر جاری کامیابیوں کو آگے بڑھانے کے لیے بھرپور کوششیں کی جائیں، علاقے کے ملکوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کی جائے اور زمینی کامیابی کے بعد شام میں سیاسی حل تک پہنچنے کے لیے جامع مذاکراتی عمل کو تقویت دی جائے۔ ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے  انہیں مقاصد کو سامنے رکھتے ہوئے اس دورے کا پروگرام بنایا گیا ہے اور شامی حکام سے مذاکرات کرنے کے بعد ترک حکام سے بات چیت کے لیے انقرہ بھی جائیں گے۔

ڈاکٹرجواد ظریف نے کہا کہ ایران اور شام کے اعلی حکام کے درمیان نہ صرف اقتصادی میدان میں بلکہ ان تمام شعبوں کے بارے میں بات چیت کا سلسلہ جاری ہے جن میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ شام کے صدر بشار اسد، اس ملک کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں میں مذکورہ  تمام معاملات پر تفصیل سے تبادلہ خیال کریں گے۔

قابل ذکر ہے کہ ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ منگل کے روز شام کے دارالحکومت دمشق پہنچے ہیں جہاں شام کے نائب وزیر خارجہ فیصل مقداد نے ان کا خیر مقدم کیا ہے۔ انہوں نے دمشق پہنچنے کے بعد شام کے وزیرخارجہ ولیدالمعلم سے باہمی تعلقات میں توسیع کے طریقوں اور علاقائی و عالمی صورتحال خاص طور پر شام کے حالات کے بارے میں بات چیت کیایران کے وزیر خارجہ دمشق میں اپنے قیام کے دوران حضرت زینب کبری(س) اور حضرت سکینہ (س) کے روضوں کی زیارت بھی کریں گے۔

ٹیگس