Apr ۱۸, ۲۰۱۹ ۱۴:۵۴ Asia/Tehran
  • مرجع تقلید نے امداد کی خاطر گھر بیچ دیا

آیت اللہ العظمیٰ جعفر سبحانی نے ایران میں آئے تباہ کن سیلاب کے متاثرین کی امداد کے لئے اپنا گھر فروخت کر کے اس کی قیمت متعلقہ ذمہ داران کے حوالے کر دی۔

عالم تشیع کے بزرگ مراجع تقلید میں شمار ہونے والے آیت اللہ العظمیٰ جعفر سبحانی نے ایران میں آئے تباہ کن سیلاب کے متاثرین کی امداد کے لئے اپنا قدیمی گھر فروخت کر کے اس کی قیمت متعلقہ ذمہ داران کے حوالے کر دی۔

حوزۂ علمیہ قم سے وابستہ رفاہی مرکز کے سربراہ حجت الاسلام ربانی کے مطابق آیت اللہ سبحانی نے فرمایا:

’’اگر میرے لئے ممکن ہوتا تو میں خود متاثرین سیلاب کی مدد کے لئے جاتا‘‘۔

حجت الاسلام ربانی نے بتایا کہ اس عظیم مرجع تقلید نے انہیں ایک چیک پکڑاتے ہوئے کہا:

’’میرے پاس ایک قدیمی گھر تھا اسے میں نے فروخت کیا ہے اور اس کی رقم میں آپ کو دیتا ہوں تاکہ آپ اُسے متاثرین سیلاب کے حوالے کریں اور ساتھ ہی میرا خاص سلام بھی ان لوگوں تک پہونچا دیں‘‘۔

آیت اللہ سبحانی اور حجت الاسلام ربانی

واضح رہے کہ ایران کو حالیہ دنوں میں اپنی تاریخ کے بدترین سیلاب کا سامنا ہے جس نے بڑے پیمانے پر ملک کے مختلف علاقوں میں تباہی مچائی ہے۔مگر دوسری جانب ایرانی عوام نے ایک جٹ ہو کر اس کا مقابلہ کرنے اور اسکے برے اثرات کو زائل کرنے کے لئے کمر کس رکھی ہے اور نتیجتاً عوام کے ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے لوگ متاثرہ علاقوں میں شب و روز امدادرسانی میں مصروف ہیں۔

اس ’’تباہ کن‘‘ سیلاب کے بعد ہمدردی، ایثار، فداکاری، انسانی جذبے اور انسان دوستی کا ایسا ’’آباد کن‘‘ سیلاب ایران میں امنڈ پڑا ہے جس کو دیکھ کر دنیا انگشت بدنداں رہ گئی۔

ٹیگس