Apr ۲۲, ۲۰۱۹ ۰۸:۲۸ Asia/Tehran
  • پاکستان کےوزیراعظم آج ایران کے صدر سے ملاقات کریں گے

پاکستان کےوزیراعظم ایک اعلی سطحی سیاسی اور اقتصادی وفد کے ھمراہ دورے کے دوسرے مرحلے میں گزشتہ شب مشہد مقدس سے تہران کے مہر آباد ایئرپورٹ پہنچے ۔

پاکستان کےوزیراعظم عمران خان دورے کے دوسرے مرحلے میں گزشتہ شب تہران کے مہر آباد ایئرپورٹ پہنچے جہاں ایران کے وزیر صحت ڈاکٹر سعید نمکی نے ان کا استقبال کیا۔

عمران خان کل سہ پہرکوئٹہ سے  پہلے ایران کے صوبے خراسان رضوی کے دارالحکومت مشہد مقدس پہنچے جہاں ان کا استقبال گورنر رضا حسینی نے کیا۔

پاکستان کےوزیراعظم سے امام علی رضا (ع) کے مزار کے متولی احمد مروی اور صوبہ خراسان کی قیادت نے ملاقات کی،اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ مزید قریبی تعلقات کا خواہاں ہے۔

عمران خان نے مشہد میں حضرت امام علی رضا کے حرم مطہر پر حاضری دی، زیارت کی،نوافل ادا کئے اور عالم اسلام کی ترقی و خوشحالی کےلئے دعا کی۔

عمران خان آج ایران کے صدر حسن روحانی سے ملاقات کریں گے جس میں تہران اور اسلام آباد کے تعلقات کے فروغ سمیت تجارتی، اقتصادی اور سیاسی روابط کے مزید استحکام کے علاوہ علاقائی اور عالمی صورتحال پر گفتگو کریں گے۔۔ جبکہ اس سے قبل ان کا سرکاری طور پر استقبال کیا جائیگا۔

واضح رہے کہ پاکستان کےوزیراعظم عمران خان یہ دورہ ایران کے صدر کی دعوت پر کررہےہیں۔

ٹیگس