وزیراعظم پاکستان کا سعد آبادکمپلیکس میں پرتپاک سرکاری استقبال
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے پیر کو تہران کے سعدآباد کمپلیکس میں پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کا سرکاری طور پر پرتپاک استقبال کیا۔
استقبالیہ تقریب میں دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے اس کے بعد مہمان وزیراعظم کو گارڈ آف آرنرپیش کیا گیا- گارڈ آف آنر کے بعد اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی اور پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے اپنے اپنے ملکوں کے اعلی رتبہ وفود کے ارکان کا تعارف کرایا-
پاکستانی وزیراعظم کی استقبالیہ تقریب کے بعد دو طرفہ مذاکرات انجام پائے- ایران کے صدر اور پاکستان کے وزیراعظم کے مذاکرات مختلف سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں باہمی تعاون کی توسیع کے طریقوں کے موضوع پر انجام پائے۔
اس درمیان ایران اور پاکستان نے صحت عامہ اور میڈیکل کے میدان میں باہمی تعاون کے معاہدے پر دستخط کئے- اس معاہدے پر ایران کی جانب سے وزیر صحت سعید نمکی اور پاکستان کے وزیر صحت ظفر مرزا نے دستخط کئے-
صحت و میڈیکل کے شعبے میں تعاون کے معاہدے پر دستخط کی تقریب میں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی اور پاکستان کے وزیراعظم عمران خان بھی موجود تھے-
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی کی دعوت پر اپنے دو روزہ سرکاری دورے کا آغاز مشہد مقدس میں حضرت امام رضا علیہ السلام کے حرم کی زیارت سے کیا-
پاکستانی وزیراعظم نے مشہد مقدس میں حرم مطہر رضوی کی زیارت کے بعد آستان قدس رضوی اور حرم مطہر کے متولی حجت الاسلام شیخ احمد مروی سے بھی ملاقات کی بعد ازاں پاکستانی وزیر اعظم اور ان کے ہمراہ وفد نے حرم مطہر کا مرکزی میوزیم اور قرآن کریم کا میوزم بھی دیکھا۔
اس موقع پر صوبہ خراسان رضوی کے اعلی حکام اور تہران میں پاکستانی سفیر بھی وہاں موجود تھیں- پاکستانی وزیراعظم عمران خان اور ان کے ہمراہ وفد میں شامل ارکان اتوار اور پیر کی درمیانی رات مشہد سے تہران پہنچے جہاں مہرآباد بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ان کا ایران کے وزیرصحت نے استقبال کیا۔
اس موقع پر مہرآباد ہوائی اڈے پر اسلام آباد میں ایران کے سفیر مہدی ہنردوست بھی موجود تھے-
ایران کا دورہ شروع کرنے سے قبل عمران خان نے اسلام آباد میں ایرانی سفیر سے ملاقات میں کہا تھا کہ وہ ایران کے ساتھ تعلقات کو بیحد اہمیت دیتے ہیں-