عید فطر کا پیغام اسلامی ملکوں میں اتحاد و یکجہتی
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا ہے کہ عید سعید فطر کا پیغام اسلامی ملکوں میں اتحاد و یکجہتی اور امت مسلمہ کے مضمون کی جانب واپسی ہے۔ آپ نے فرمایا کہ عالم اسلام کی مشکلات کا علاج قرآنی ہدایات کی طرف واپسی ہے اور علمائے کرام اور اسلامی اسکالروں کی اس سلسلے میں بھاری ذمہ داری ہوتی ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے عید الفطر کے موقع پر اعلی حکام، تہران میں متعین اسلامی ملکوں کے سفیروں اور عوام کے مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی ایک بڑی تعداد سے ملاقات میں اپنے خطاب کے دوران مسلمانوں میں اختلاف و تفرقہ پیدا کرنے اور ان میں پھوٹ ڈالنے کے لئے دشمنوں کے سازشی منصوبوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا ہے کہ اسلامی ملکوں کو چاہئے کہ ایک دوسرے کے مد مقابل آنے کے بجائے فلسطین میں غاصب دشمن کی مجرمانہ موجودگی کے مقابلے میں متحدہ طور پر کھڑے ہوں۔
رہبر انقلاب اسلامی نے بعض اسلامی ملکوں کو جو صیہونی حکومت کے ساتھ سازباز اور صلح سمجھوتہ کرنے کے ساتھ ساتھ مسلمانوں میں اختلاف و تفرقہ پیدا کرنے کے درپے ہیں، غلط راستے سے توبہ کرنے کی نصیحت کرتے ہوئے تاکید کے ساتھ فرمایا کہ کیوں ایسا ہو کہ لیبیا جیسے اسلامی ملک میں دو گروہ ایک دوسرے کے مدمقابل آجائیں اور ایک دوسرے کا خون بہائیں اور کیوں اسلام کا دعویدار کوئی ملک، یمنی عوام اور اس ملک کی تنصیبات پر شدید ترین بمباری نیز دشمنوں کی خواہش و نظر پر مکمل طور پر عمل کرے؟
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے بھی اسلامی ممالک کے سربراہوں کے نام اپنے پیغام میں عید سعید فطر کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے امت مسلمہ کی سربلندی اور کامیابی کے لئے دعا کی اور امید ظاہر کی کہ اس عید کی معنوی برکت سے مسلمانوں میں زیادہ سے زیادہ اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ، بغض و کینہ دور اور ظالموں و ستمگروں کی ناکامی اور پوری دنیا میں امن و استحکام کا قیام عمل میں آئے گا۔
ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے بھی اپنے ایک ٹوئٹ میں عید فطر کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عید قرط کو مسلمانوں کے درمیان یکجہتی کے درخشاں ستارے کی مانند ہونا چاہئے۔
فلسطین کی مزاحمتی کمیٹیوں کے ترجمان ابو مجاہد نے بدھ کے روز صدی کے معاملے یا سینچری ڈیل سے موسوم فلسطینی امنگوں کے خلاف امریکہ و غاصب صیہونی حکومت کی نئی سازش کے سلسلے میں رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے مواقف کی قدردانی کی۔
انھوں نے لبنان کے المنار ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اس بڑی سازش کے مقابلے میں استقامت کئے جانے پر رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای اور اسلامی جمہوریہ ایران پر درود بھیجتے ہوئے کہا کہ ایران واحد ملک ہے کہ جس نے سینچری ڈیل نامی سازشی منصوبے کے مقابلے میں باضابطہ طور پر موقف اختیار کیا اور وہ اعلانیہ طور پر فلسطینی امنگوں کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔