Jun ۱۰, ۲۰۱۹ ۱۰:۰۳ Asia/Tehran
  • ایران-جاپان تعلقات مضبوط اور تاریخی

جاپان میں تعینات ایران کے سفیر نے کہا ہے کہ وزیراعظم شنزو ابے کا آئندہ دورہ تہران دونوں ملکوں کے قریبی تعلقات میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا

جاپان میں تعینات اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر مرتضی رحمانی موحد نے پیر کے روز ارنا سےگفتگو کرتے ہوئے جاپان کے وزیراعظم کے آئندہ دورہ ایران کی اہمیت  پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ایران جاپان تعلقات تاریخی اور مضبوط ہیں اور آئندہ دورے سے دونوں ممالک کے باہمی تعلقات اور تعاون مزید فروغ پائیں گے.

ایرانی سفیر نےکہا کہ خطے میں امن اور کشیدگی کا خاتمہ ایران کی اصولی پالیسی ہے، جاپان کے ایران اور امریکہ سے اچھے تعلقات ہیں لہذا ہم کشیدگی کے خاتمے کے مقصد سے ہر موثر کوشش کا ساتھ دیں گے.

رحمانی موحد کا کہنا تھا کہ امریکہ نے یکطرفہ اور غیرقانونی اقدامات کے ذریعے مشرق وسطی میں کشیدگی میں اضافہ کیا ہے، خلیج فارس میں امریکہ کی بڑھتی ہوئی فوجی موجودگی نے بھی اس صورتحال کو پیچیدہ کیا ہے لہذا ہم ہر اس کوشش کا جس سے امریکی مداخلت میں کمی ہو خیرمقدم کرتے ہیں.

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں مشترکہ خدشات کے خاتمے اور خلیج فارس کے ممالک سے بات چیت کے لئے امریکہ کی کوئی ضرورت نہیں تاہم جاپان کی اپنی اہمیت ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ وہ اس لحاظ سے موثر کردار ادا کرسکتا ہے.

ایرانی سفیر نے کہا کہ ایرانی تیل کی خریداری سے متعلق جاپانی حکومت کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں اور ہمیں امید ہے کہ جاپان کی جانب سے تیل خریداری کے سلسلے کا پھر سے آغاز ہوگا.

واضح رہے کہ جاپان کے وزیر اعظم کا دورہ تہران عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، جاپان کے وزیر اعظم شینزوآبے  کے دورہ تہران کو ایران اور امریکہ کے درمیان ثالثی کے تناظر میں دیکھا جارہا ہے انقلاب اسلامی کی کامیابی کے بعد کسی بھی جاپانی وزیر اعظم کا ایران کا  یہ پہلا دورہ ہے۔

جاپان کے وزیر اعظم کے تہران اور واشنگٹن کے ساتھ گہرے دوستانہ تعلقات ہیں، جاپان کے وزیر اعظم شینزوآبے بدھ کے دن تہران کا دورہ کریں گے ۔ جاپانی وزیر اعظم تہران اور واشنگٹن کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔

جاپان کو دنیا کے تیسرے بڑے اقتصاد کے عنوان سےبھی جانا جاتا ہے جاپان کو انرجی درآمد کرنےکی سخت ضرورت ہے ۔ ٹوکیو اپنی انرجی کا 80 فیصد حصہ مشرق وسطی سے پورا کرتا ہے لہذا وہ بھی خطے میں جنگ اور کشیدگی کا خواہاں نہیں ہے ۔

 

ٹیگس