ایران میں یورینیم کی پیداوار میں اضافہ
ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے ترجمان نے ایٹمی معاہدے سے متعلق مغربی ملکوں کی جانب سے وعدوں پر عمل نہ کئے جانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ دس روز میں ایران میں یورینیم کی پیداوار تین سو کلو گرام سے تجاوز کر جائے گی۔
ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے ترجمان بہروز کمالوندی نے پیر کے روز نامہ نگاروں سے گفتگو میں ایران کی جانب سے ایٹمی معاہدے سے متعلق اپنے بعض وعدوں پر عمل درآمد کو تکنیکی طور پر معطل کئے جانے کے اقدام کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ایران میں یورینیم کی پیداوار میں چار گنا اضافہ ہوا ہے اور ایرانی حکام کی ہدایات پر اس پیدوار میں مزید اضافہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ یورینیم کی پیداوار تین سو کلو گرام تک پہنچ جانے کے بعد ایران یورینیم کی افزودگی کی مقدار میں بھی اضافہ کرے گا اور افزودگی کی شرح رفتہ رفتہ بیس فیصد تک پہنچائی جا سکتی ہے۔بہروز کمال وندی نے کہا کہ آئندہ ڈھائی مہینے میں ایران نے اگر بھاری پانی کو فروخت نہ کیا تو بھاری پانی کے ذخائر ایک سو تیس ٹن سے عبور کر جائیں گے۔بہروز کمالوندی نے کہا کہ ایران کی جانب سے یہ اقدامات ایٹمی معاہدے کی چھبیسویں اور چھتّیسویں شق کی بنیاد پر عمل میں لائے جا رہے ہیں۔