Jun ۲۳, ۲۰۱۹ ۱۱:۱۶ Asia/Tehran
  • امریکی ڈرون کی دراندازی کے خلاف قانونی چارہ جوئی

ایران نے کہا ہے کہ امریکی ڈرون کی دراندازی کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی نائب صدر برائے قانونی امور لعیا جنیدی نے آج اتوار کے روز ارنا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکی ڈرون کی ملکی فضائی حدود کی خلاف ورزی در اصل واشنگٹن کی بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے اور ہم امریکہ کےاس جارحانہ اقدام کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے۔

لعیا جنیدی نے کہا کہ سمندری، زمینی اور فضائی حدود کی خلاف ورزی ہرگز قابل قبول اور برداشت نہیں ہے ۔

یاد رہے کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے 20 جون کو  ملک کے جنوبی 'کوہ مبارک' علاقے میں فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے 'گلوبل ہاک' نامی جاسوس امریکی ڈرون کو مارگرایا.

امریکی جاسوسی ڈرون کی شناخت کے وقت اس کے قریب ایک اور 35 عملے پر مشتمل جاسوسی طیارہ پرواز کر رہا تھا مگر ایران نے اس کو تباہ نہیں کیا اس لئے کہ اس میں 35 افراد سوار تھے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ امریکی بحری جنگی جہاز یو ایس ایس ونسنز نے 3 جولائی 1988 کو اسلامی جمہوریہ ایران کی قومی کمپنی ایران ایئر کے دبئی جانے والے ایئر بس اے-300 طیارے کو مار گرایا جس میں 66 بچوں سمیت 290 افراد شہید ہوگئے.

یہ واقعہ فضائی سانحوں کی تاریخ میں انسانی جانی نقصان کے حوالے سے اپنی نوعیت میں آٹھواں بدترین سانحہ تھا.

ٹیگس