Jun ۲۴, ۲۰۱۹ ۱۱:۱۳ Asia/Tehran
  • سینچری ڈیل منصوبہ کسی نتیجے پر نہیں پہنچے گا : ایران

ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر کےعالمی امور کے نمائندے نے بحرین میں فلسطین مخالف اجلاس کے انعقاد کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ سینچری ڈیل منصوبہ کسی نتیجے پر نہیں پہنچے گا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر کےعالمی امور کے نمائندے حسین امیرعبداللهیان نے ہمارے نمائندے کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے سینچری ڈیل منصوبے کو امریکی صدر ٹرمپ کا ایک غیر سنجیدہ اقدام قرار دیتے ہوئےکہا کہ سینچری ڈیل منصوبہ  قدس کی غاصب اور جابر صیہونی حکومت کے خلاف ایک نئی انتفاضہ تحریک کا باعث بنے گا۔

حسین امیرعبداللهیان نے قدس کی غاصب اور جابر صیہونی حکومت کو تسلیم کرنے سے متعلق بعض عرب ممالک کے سربراہوں کی سازش کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دنیائے عرب میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور بحرین نے اس حوالے سے دوسروں پر سبقت لی ہے تاہم ان ممالک کومختلف قسم کے اندرونی چیلنجوں کا سامنا ہے۔

ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر کےعالمی امور کے نمائندے نے بحرین کے اقتصادی اجلاس کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ صیھونی اب اس نتیجے پر پہنچ چکے ہیں کہ اسلامی ملکوں کے ساتھ سفارتی تعلقات کی بحالی کا امکان نہیں ہے اس لئے وہ ان ممالک کے ساتھ تجارتی روابط کو فروغ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔

حسین امیرعبداللهیان نے آل خلیفہ کی میزبانی میں فلسطین مخالف اجلاس کے انعقاد کی جانب اشارہ کرتے ہوئے متنبہ کیا کہ آل خلیفہ کی حکومت منامہ اجلاس سے فلسطینیوں کی امنگوں سےخیانت کرنے کا تاوان ضرور دے گی اور عوامی قیام اور نئی تحریک  جنم لے گی۔

واضح رہے کہ بحرین کے دارالحکومت منامہ میں کل 25 جون سے امریکا اور اسرائیل کے سازشی منصوبے سینچری ڈیل کے دائرے میں دو روزہ اقتصادی اجلاس شروع ہو رہا ہے۔

ٹیگس