استقامتی محاذ نے ابراہیمی استقامت سے درس لیا ہے، خطیب نماز عیدالاضحی
اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں مرکزی نماز عیدالاضحی کے خطیب نے راہ خدا میں حضرت ابراہیم علیہ السلام کی استقامت، مزاحمت اور مجاہدت کو مسلمین عالم کے لئے نمونہ عمل قرار دیا اور کہا کہ ایران کے مسلمان عوام نے اپنی ابراہیمی استقامت و مجاہدت سے دنیا میں امریکا کی ہیبت ختم کردی ہے ۔
تہران کی مرکزی نمازعید الاضحی مصلائے امام خمینی نامی عیدگاہ میں ادا کی گئی ۔ تہران کی مرکزی نماز عیدالاضحی کے خطیب، حجت الاسلام ابوترابی فرد نے اپنے خطبوں میں کہا کہ اسلامی استقامتی محاذ نے استقامت و خود مختاری کا درس مکتب ابراہیمی سے حاصل کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ نے ایرانی عوام کو تسلط پسند سامراجی نظام کے مقابلے میں ایک مثالی مزاحمتی قوم میں تبدیل کردیا ۔انھوں نے کہا کہ آج اسلامی انقلاب کی توانائی ، شکوہ اور عظمت ، حضرت ابراہیم خلیل اللہ اور امام خمینی رحمت اللہ علیہ کی راہ استقامت کا ہی تسلسل ہے۔انھوں نے کہا کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سپاہیوں نے خلیج فارس میں امریکی ڈرون گلوبل ہاک کو مارگرانے کے ساتھ ہی امریکا کی کھوکھلی ہیبت کا بت بھی پاش پاش کردیا۔
تہران کی مرکزی نماز عیدالاضحی کے خطیب نے کہا کہ خلیج فارس میں، یہ برطانوی جنگی بحری جہاز نہیں تھا جس نے سپاہ پاسداران انقلاب کے سامنے عاجزی کا اظہار کیا بلکہ یہ برطانیہ کبیر تھا جس نے گھٹنے ٹیکے ہیں ۔انھوں نے صیہونی و سعودی حکومتوں کے مظالم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ نابودی ان ظالم حکومتوں کا مقدر ہے ۔تہران کی مرکزی نماز عیدالاضحی کے خطیب نے کہا کہ عراق، شام، لبنان اور یمن کے مسلمان عوام حضرت ابراہیم علیہ السلام کی مجاہدت کو مدنظر رکھتے ہوئے ، دشمنوں کے سامنے ڈٹے ہوئے ہیں ۔انھوں نے اسلامی جمہوریہ ایران اور استقامتی محاذ کی مزاحمت کو ناقابل شکست قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ وہی راہ ابراہیم خلیل اللہ ہے جس نے آگ کو گلزار میں اور دشمنوں کی سازشوں کو محاذ حق کی عزت و سربلندی میں تبدیل کردیا ۔تہران کی مرکزی نماز عیدالاضحی کے خطیب نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران چار عشرے سے اسی راہ ابراہیمی پر گامزن ہے اور امریکا نیز دیگر سامراجی طاقتوں کے سامنے ڈٹا ہوا ہے ۔انھوں نے کہا کہ اسی راہ ابراہیمی پر چلتے ہوئے مظلوم فلسطینی عوام، ان کی عورتوں اور بچوں نے غاصب صیہونی حکومت کے مقابلے میں استقامت و مزاحمت کا مظاہرہ کیا ہے ۔تہران کی مرکزی نماز عیدالاضحی کے خطیب نے کہا کہ ایرانی عوام کی جانب سے ، مکتب ابراہیم خلیل اللہ کے اصول و اقدار سے بہتر انداز میں استفادہ ، دینی بنیادوں پر ڈٹے رہنا نیز علم و دانش سے کما حقہ کام لینا بھی مکتب ابراہیم خلیل اللہ کے اصول و اہداف میں شامل ہے ۔ انہوں نے علاقے میں صیہونی حکومت آل سعود اور آل خلیفہ کے مظالم کا ذکرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومتیں نابود ہو کر رہیں گی