Aug ۳۰, ۲۰۱۹ ۲۰:۱۸ Asia/Tehran
  • ایران کی دفاعی توانائیوں کو آزمانے کی غلطی مہنگی پڑے گی

اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج کی ایئرڈیفنس فورس کے کمانڈر نے کہا کہ ایران کی دفاعی توانائیوں کو آزمانے کی کوشش نہ کی جائے بصورت دیگر یہ دشمن کی پہلی اور آخری غلطی ہوگی۔

ایران کی فوج کی ایئرڈیفنس فورس کے کمانڈر علی رضا صباحی فرد نے اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کی دفاعی توانائیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی جنگی اور دفاعی آمادگی اور تیاری کو آزمانے کی کوشش نہ کی جائے بصورت دیگر یہ دشمنوں کی پہلی اور آخری غلطی ہوگی۔ انہوں نے اس ہفتے نماز جمعہ میں خطبے سے قبل نمازیوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے کبھی بھی جنگ کی آگ بھڑکانے کی کوشش نہیں کی اور نہ کرے گا لیکن اگر فوجی میدان میں دشمن کسی وھم و گمان کا شکار ہوا تو اس کو زور دار طمانچہ رسید ہوگا اور یقینی طور پر پھر جنگ کو ختم کرنا اس کے ہاتھ میں نہیں ہوگا -
 
ایئرڈیفنس فورس کے کمانڈر صباحی فرد نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اگر کسی کو انتباہ دیتا ہے تو اس پرعمل بھی کرتا ہے کہا کہ خطے اور ملک کی سیکورٹی ایران کی ریڈ لائن ہے اور اس سلسلے میں کسی سے کوئی رو رعایت نہیں برتی جائے گی- انہوں نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ علاقے اور پوری دنیا میں امریکا کی ہیبت کا بت پاش پاش ہوتا جارہا ہے کہا کہ خلیج فارس میں نمائشی بحری اتحاد کی تشکیل اور اس میں غاصب اسرائیل کی شرکت ایک چیلنج ہوگا اور اس سے صرف بدامنی کے سوا اور کچھ بھی حاصل نہیں ہوگا - انہوں نے خطے میں مغربی ایشیا کے ملکوں سے کہا ہے کہ وہ اپنی علاقائی پالیسیوں پر نظر ثانی کریں اور عالم اسلام کے دشمنوں کے ساتھ کوئی اتحاد تشکیل دینے سے اجتناب کریں۔

ٹیگس