چیمپئنز ٹرافی: ہندوستان نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے ہرایا، وراٹ کوہلی کی شاندار سنچری
چیمپئنز ٹرافی میں ہندوستان نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔ وراٹ کوہلی نے 100 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ پاکستانی ٹیم 241 رنز پر آل آؤٹ ہوئی، کلدیپ یادو نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
سحرنیوز/ہندوستان: چیمپئنز ٹرافی کے ایک اہم مقابلے میں ہندوستان نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر شاندار کامیابی حاصل کی۔ پاکستانی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 241 رنز پر ڈھیر ہو گئی، جس کے جواب میں ہندوستانی بلے بازوں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 42.3 اوورز میں ہی ہدف حاصل کر لیا۔
ہندوستانی ٹیم کی فتح میں سب سے نمایاں کردار وراٹ کوہلی نے ادا کیا، جنہوں نے 111 گیندوں پر 100 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ اس کارکردگی کے لیے وراٹ کوہلی کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ شبھمن گل نے 46 اور شریئس آئیر نے 56 رنز بنائے، جبکہ کپتان روہت شرما 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ہاردک پانڈیا 8 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

قبل ازیں، پاکستانی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا اور محتاط انداز میں شروعات کی۔ امام الحق اور بابر اعظم نے 47 رنز کی شراکت قائم کی لیکن ہاردک پانڈیا نے بابر کو 23 کے انفرادی اسکور پر پویلین بھیج دیا۔
امام الحق بھی 10 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد سعود شکیل اور محمد رضوان نے 104 رنز کی اہم شراکت قائم کی، مگر اکشر پٹیل نے رضوان کو 46 رنز پر آؤٹ کر کے یہ شراکت توڑ دی۔ سعود شکیل نے 76 گیندوں پر 62 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی لیکن پاکستان کی مڈل آرڈر بیٹنگ ہندوستانی گیند بازوں کے آگے بے بس نظر آئی۔
ہندوستانی گیند بازوں نے بہترین کارکردگی دکھائی۔ کلدیپ یادو نے 3، ہاردک پانڈیا نے 2، جبکہ اکشر پٹیل، ہرشت رانا اور رویندر جڈیجہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستانی ٹیم 49ویں اوور میں 241 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔

ہندوستانی بلے بازوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 45 گیندیں قبل ہی ہدف حاصل کر لیا۔ وراٹ کوہلی نے چوکوں اور چھکوں کی مدد سے شاندار سنچری مکمل کی اور ہندوستان کی کامیابی کو یقینی بنایا۔ پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 2، جبکہ نسیم شاہ اور خوشدل شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ہندوستان نے اس جیت کے ساتھ نہ صرف چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں جگہ تقریباً یقینی بنا لی بلکہ 2017 کے چیمپئنز ٹرافی فائنل میں پاکستان کے ہاتھوں شکست کا بدلہ بھی لے لیا۔