اے نصراللہ! ہم اس عہد پر قائم رہیں گے، چاہے ہم قتل کردیئے جائیں، ؛شیخ نعیم قاسم کا خطاب
حزب اللہ کے سربراہ شیخ نعیم قاسم نے شہید سید حسن نصراللہ اور شہید سید ہاشم صفی الدین کے جنازے کے اجتماع سے خطاب میں کہا ہے کہ ہم اپنے عہد پر باقی ہیں اور شہید حسن نصراللہ کی راہ جاری رکھیں گے۔ انھوں نے کہا کہ ہم شہید حسن نصراللہ کے راستے پر گامزن رہیں گے چاہے ہم قتل کردیئے جائیں۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: موصولہ اطلاعات کے مطابق، حزب اللہ کے سربراہ شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ آج ہم اپنے تاریخی ، عرب ، اسلامی اور ملی رہبر کو الوداع کہنے کے لئے یہاں جمع ہوئے ہیں جس نے اپنا وعدہ وفا کیا اور ہمیں سربلندی عطا کی۔ انھوں نے کہا کہ شید سید حسن نصراللہ ایک مخلص، شجاع، صاحب بصیرت اور حکیم و دانا رہبر تھے اور انھوں نے امت اسلامیہ کو استقامت کا تحفہ دیا۔

شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ شہید سید حسن نصراللہ عوام کے عاشق تھے اور عوام ان کے عاشق تھے۔ انھوں نے اسی کے ساتھ شہید سے عہد کیا کہ ان کی امانت کی حفاظت کریں گے۔ شیخ نعیم قاسم نے اسی کے ساتھ شہید سید ہاشم صفی الدین کو بھی خراج عقیدت پیش کیا اور ان کی خدمات کو ناقابل فراموش بتایا۔ انھوں نے حزب اللہ کو ناقابل شکست قرار دیا اور کہا کہ پچھتر ہزار اسرائیلی فوجی حزب اللہ کے سامنے پیشقدمی نہ کرسکے اور ہم استقامت جاری رکھیں گے اور امریکا کو اپنے ملک پر تسلط کی اجازت نہیں دیں گے۔

شیخ نعیم قاسم نے لبنان کی ارضی سالمیت اور قومی اقتدار اعلی کی حفاظت میں فوج کے کردار کی قدردانی کی اور حکومت میں سبھی سیاسی جماعتوں کی شمولیت پر زور دیا۔ نعیم قاسم نے زور دیا کہ ہم اس امانت کو برقرار رکھیں گے اور ہم اس راستے پر چلتے رہیں گے اور میں آپ سے بیعت کرنا چاہتا ہوں اور آپ کی قوم بھی اسی طرح آپ سے بیعت کرنا چاہتی ہے، اے نصراللہ! ہم اس عہد پر قائم رہیں گے، آج ہم دنیا کے تمام آزاد لوگوں کے عملی نمونے کو الوداع کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم ایک تاریخی، قومی، عرب اور اسلامی رہنما کو الوداع کہہ رہے ہیں جو دنیا کے تمام آزاد لوگوں کے لیے نمونہ عمل تھے۔