استقامت علاقے میں نتیجہ خیز ثابت ہوئی ہے : آیت اللہ جنتی
مجلس خبرگان کے سربراہ آیت اللہ احمد جنتی نے کہا ہے کہ استقامت نہ صرف ایران میں بلکہ پورے علاقے میں نتیجہ خیز ثابت ہوئی ہے
آیت اللہ احمد جنتی نے منگل کو مجلس خبرگان کے سترہویں اجلاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ استقامت نے علاقے میں امریکہ اور اسرائیل کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا ہے اور نہ صرف ایران میں بلکہ علاقے میں کامیاب رہی ہے۔
آیت اللہ جنتی نے کہا کہ یمن کی جانب سے سعودی عرب کی آرامکو آئیل کمپنی کی تنصیبات کو نشانہ بنایا جانا استقامت کی طاقت کی علامت ہے۔
مجلس خبرگان کے سربراہ نے فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کواستقامت کا نتیجہ قرار دیا اور کہا کہ حماس ، صیہونی حکومت کے سامنے ڈٹی ہوئی ہے اور ذلت قبول کرنے والی نہیں ہے۔
آیت اللہ احمد جنتی نے دشمنوں کی سازشوں کے سامنے ملت ایران کی چالیس سالہ استقامت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دشمنوں کی جانب سے ایران پر پابندیاں ، اسلامی جمہوریہ ایران کی پیشرفت کے لئے مواقع میں تبدیل ہوگئیں ۔
آیت اللہ احمد جنتی نے اربعین حسینی ع کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اربعین کہ جو عظمت اسلام کو اجاگر کرتا ہے ایک عوامی تحریک ہے جس کے مقابلے میں استکبار بےبس ہے۔
مجلس خبرگان رہبری کے سربراہ نے اربعین حسینی کی سیکورٹی فراہم کرنے میں عراقی اور ایرانی حکام کی کوششوں کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ یہ تحریک دشمنوں کے لئے اس پیغام کی حامل ہے کہ عوام ہمیشہ مسائل ومشکلات کے مقابلے میں استقامت کا مظاہرہ کرتے ہیں -