ایرانی عوام کا مقدس دفاع موجودہ تاریخ پر اثر گذار ہے، تہران کے خطیب جمعہ کا بیان
تہران کی مرکزی نماز جعہ کے خطیب نے ایرانی عوام کے آٹھ سالہ مقدس دفاع کوبے مثال اور تاریخ ساز قرار دیا ہے۔
تہران کی مرکزی نماز جمعہ کے خطیب ححت الاسلام والمسلمین کاظم صدیقی نے کہا ہے کہ واقعہ کربلا کے بعد کوئی بھی واقعہ تاریخ میں اتنا موثر واقع نہیں ہوا ہے جتنا ایرانی عوام کا مقدس دفاع موثر واقع ہوا ہے۔انھوں نے کہا کہ آٹھ سالہ مسلط کردہ جنگ کے دوران دنیا کے سبھی ممالک جارح صدامی حکومت کے ساتھ تھے ۔ انھوں نے کہا کہ اس وقت ایرانی فوج منتشر تھی اور سپاہ پاسداران کے پاس جنگ کا تجربہ نہیں تھا لیکن ایرانی عوام نے حضرت امام خمینی کی رہنمائیوں میں اس غیر مساوی جنگ میں دنیا کی سبھی طاقتوں کا ڈٹ کے مقابلہ کیا اور انہیں شکست دی ۔
تہران کی مرکزی نماز جمعہ کے خطیب حجت الاسلام کاظم صدیقی نے ایام محرم کی مناسبت سے حضرت امام حسین علیہ السلام کے قیام کے اثرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ محبت حسین کی عالمگیریت روز بروز بڑھتی جارہی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ اربعین ملین مارچ میں مختلف ملکوں کے شیعہ ، سنی ، عیسائی اور دیگر مذاہب کے کروڑوں ماننے والوں کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ امام حسین علیہ الصلوات والسلام وہ چشمہ معرفت ہیں جس سے سبھی سیراب ہوتے ہیں ۔
تہران کی مرکزی نماز جمعہ کے خطیب نے اسی طرح کشمیری عوام کی مشکلات کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام ظلم و ستم کا نشانہ بنے ہیں ان کی مظلومیت ختم ہونی چاہئے ۔انھوں نے اسی کے ساتھ نائیجیریا ، بحرین اور سعودی عرب کے شیعہ مسلمانوں کے انسانی حقوق کی پامالی کا سلسلہ رکوانے کے لئے سبھی اسلامی ملکوں کی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ۔