پاکستان کے وزیراعظم کا دورہ تہران
صدر ایران ڈاکٹر حسن روحانی نے علاقائی مسائل کو سیاسی طریقے سے حل کیے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
سعد آباد کمپلیکس میں پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ مشترکہ پریس سے خطاب کرتے ہوئے صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ فوری جنگ بندی اور انسانی امداد کی فراہمی کے ذریعے جنگ یمن کو ختم کیا جاسکتا ہے۔
صدر حسن روحانی نے کہا کہ ایران اور پاکستان اس بات زور دیتے ہیں کہ علاقے کے مسائل کا حل سیاسی ہے اور موجودہ مسائل کو علاقے کے ملکوں کے درمیان بات چیت کے ذریعے حل کیا جاسکتا ہے۔
صدر ڈاکٹرحسن روحانی نے امریکی پابندیوں کو اقتصادی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسائل کے حل کے لیے امریکہ کو ایٹمی معاہدے میں واپس اور تہران کے خلاف عائد پابندیاں ختم کرنا ہوں گی۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی وزیر اعظم کا دوہ تہران، ایران اور پاکستان کے عوام کے لیے سود مند ثابت ہوگا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ایران کی جانب سے پاکستان اور اسی طرح کشمیری عوام کی حمایت کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ خطے میں کوئی جنگ شروع ہو کیونکہ ہم پندرہ برس تک جنگ میں الجھے رہے ہیں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ستر ہزار لوگ قربان کیے ہیں۔
قبل ازیں پاکستان کے وزیراعظم عمران خان جب سعد آباد کمپلیکس پہنچے تو صدر حسن روحانی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا ۔ اس موقع پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے اور گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔