Oct ۲۸, ۲۰۱۹ ۱۰:۳۵ Asia/Tehran
  • عاشقان امام رضا (ع) کی مقدس سرزمین کی جانب روانگی

ایران کے مختلف علاقوں سے آٹھویں امام کے زائرین کے مشہدالمقدس کی طرف پیدل سفرکا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

آسمان امامت و ولایت کے آٹھویں درخشاں ستارے فرزند رسولۖ  حضرت امام علی رضا علیہ السلام کی تاریخ شہادت کی آمد کے موقع پر پیدل چل کر مشہد المقدس جانے والے زائرین کی خدمات کی تنظیم کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ ہزاروں زائرین کرام پیدل سفر کر کے مشہد المقدس پہنچنے کے عزم کے ساتھ اس مقدس شہر کا راستہ طے کر رہے ہیں۔

اٹھائیس صفرالمظفر یعنی جناب رسالتمآب صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی جانگداز رحلت اور آپ کے فرزند حضرت امام حسن مجتبی علیہ اسلام کی شہادت اور پھرصفرالمظفر کی آخری تاریخ فرزند رسول حضرت امام علی رضا علیہ السلام کی شہادت کی مناسبت سے ایران کے مختلف علاقوں سے اہلبیت اطہار علیہم السلام کے متوالے مشہدالمقدس کی جانب پیدل روانہ ہوئے ہیں جو مختلف راستوں سے گذرکریا تو مشہد مقدس پہنچ چکے ہیں یا پھر مشہد کے نزدیک ہیں۔

پیدل چل کر نذرانہ عقیدت پیش کرنے کی یہ تحریک ائمہ و معصومین علیہم السلام سے ان زائرین کی بے لوث عشق و لگاؤ کا مظہر ہے جو معنویت سے سرشار ایک عظیم جلوہ پیش کرتی ہے۔

خاندان عصمت و طہارت کی محبت میں پیدل چل کر اتنا وسیع راستہ طے کرنے کے عمل کے احترام میں بارگاہ قدس رضوی، صوبے خراسان رضوی کے محکمہ اوقاف اور عوام کی جانب سے جگہ جگہ راستوں میں ان زائرین کے لئے سبیلیں لگائی گئی ہیں جہاں ان کے قیام و طعام کا بندوبست کیا گیا ہے۔

حضرت امام علی رضا علیہ السلام کی شہادت کے موقع پر دنیا کے کئی ممالک خاص طور سے پاکستان،ہندوستان، عراق،شام اورلبنان سے بھی زائرین مشہد مقدس پہنچ چکے ہیں ۔

ٹیگس