تہران میں آبی وسائل کے بارے میں ریجنل اجلاس کا آغاز
سٹی واٹر مینجمینٹ کے ریجنل سینٹر کے بورڈ آف گورنرز کا دسواں اجلاس تہران میں شروع ہوگیا ہے۔
تہران میں جاری اس سالانہ اجلاس کی صدارت ایران کے وزیر توانائی رضا اردکانیان کر رہے ہیں۔ اجلاس میں سٹی واٹر مینیجمینٹ سینٹر کے پندرہ رکن ملکوں کے اعلی عہدیدار شریک ہیں۔
ایران کے وزیر توانائی رضا اردکانیان کے مطابق اس اجلاس میں پانی کے حوالے سے علاقے کے ملکوں کو درپیش چیلنجوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔
اجلاس میں ہندوستان، پاکستان، بنگلہ دیش، افغانستان، عراق، لبنان، عمان، شام، جمہوریہ آذربائیجان، کرغیزستان، تاجکستان، ارمینیا اور ترکی کے اعلی عہداروں کے علاوہ آبی وسائل کے حوالے سے کام کرنے والی بعض عالمی تنظیموں کے نمائندے بھی شریک ہیں۔
ایران میں مقیم اقوام متحدہ کے نمائندے، یونیسکو، عالمی ترقیاتی پروگرام، عالمی ادارہ صحت اور عالمی ادارہ خوراک و زراعت سمیت اقوام متحدہ کے دوسرے ذیلی ادارے بھی اس اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران، پانی سے متعلق ریجنل اجلاس کا اصل بانی ہے۔