Dec ۱۵, ۲۰۱۹ ۱۰:۲۴ Asia/Tehran
  • علاقائی ممالک پر غلبہ پانا آسان نہیں: علی لاریجانی

علی لاریجانی نے ترکی میں اپنے قطری ہم منصب احمد بن عبدالله بن زید آل محمود کے ساتھ ملاقات کرتے ہوئے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا.

اسلامی جمہوریہ ایران اور قطر کی پارلیمنٹ کے اسپیکروں نے  کل ترکی میں منعقدہ ایشیائی پارلیمانی اسمبلی (اے پی اے) کے 12ویں اجلاس کے موقع پر باہمی تعلقات کے فروغ پر زور دیا.

علی لاریجانی نے ایران اور قطر کے مابین اچھے تعلقات اور خطے میں قطر کے مثبت کردار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قطری عوام اور حکومت نے ظالمانہ پابندیوں کے سامنے اچھی طرح مزاحمت کی اور یہ ثابت کردیا کہ علاقائی ممالک پر غلبہ پانا آسان نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ہمیشہ خطے کے اہم امور پر مشاورت کرتے ہیں اور قطر کے ساتھ باہمی اقتصادی تعلقات کے فروغ کے لیے کوشاں ہیں.

اس ملاقات میں قطر کے اسپیکر احمد بن عبدالله بن زید ال محمود نے قطر کے خلاف پابندیوں پر ایران کے مثبت موقف کی تعریف کی.

احمد بن عبدالله بن زید ال محمود نے اس جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ پابندیوں کے خلاف جدوجہد قطر کے عوام کے مابین ہم آہنگی اور اتحاد کا باعث بنا کہا کہ بعض ممالک تہران اور قطر کے تعلقات کے خاتمے کے درپے ہیں لیکن ان کی یہ بے جا خواہش قطر کی نگاہ سے ناقابل قبول ہے۔

واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے اسپیکر گزشتہ روز ایک پارلیمانی وفد کی قیادت میں ترکی میں منعقدہ ایشیائی پارلیمانی اسمبلی (اے پی اے) کے 12ویں اجلاس کی شرکت کے لیے ترکی روانہ ہوئے.

ٹیگس