تہران کی فضاؤں میں امریکہ سے انتقام کے نعروں کی گونج
سخت انتقام ، سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی اور دوسرے رفقا کے پیکر پاک کی تشیع جنازہ میں شریک ایرانی عوام اور اعلی حکام کا مشترکہ مطالبہ تھا۔
شہید جنرل قاسم سلیمانی اور ان کے دیگر رفقا کے تشییع جنازہ میں شریک لاکھوں ایرانیوں نے
مردہ بادہ امریکہ اور مردہ باد اسرائیل،
نہ جھکیں گے نہ پیچھے ہٹیں گے امریکہ کے سامنے ڈے رہیں گے۔
اس دن سے ڈرو جب امام خامنہ ای ہمیں جہاد کا حکم دے دیں،
جیسے نعرے لگائے جلوس جنازہ میں شریک لوگ، شہید قاسم سلیمانی کے ہمراہ شہید ہونے والوں کے خون ناحق کا انتقام لینے کا مطالبہ کر رہے تھے۔
ایران کی بری فوج کے کمانڈر میجر جنرل سید عبدالرحیم موسوی نے جنرل قاسم سلیمانی اور دیگر شہدا کے جلوس جنازہ کے موقع پر کہا کہ ، عنقریب اس دہشت گردانہ حملے میں ملوث افراد سے انتقام لیا جائے گا۔
وزیر دفاع امیر حاتمی نے بھی اس موقع پر یہ بات زور دے کر کہی کہ شہید سلیمانی کا مشن اسی طرح جاری رہے گا، انہوں نے کہا کہ ایران، جنرل قاسم سلیمانی اور دیگر شہدا کے قاتلوں سے سخت انتقام لےگا۔
جلوس جنازہ میں شریک ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری ایڈمرل ریٹائرڈ علی شمخانی نے کہا کہ ایران عملی طور پر امریکہ سے انتقام لے کے دکھائے گا۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ڈپٹی کمانڈر بریگیڈیئر جنرل علی فدوی نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی شروع کردہ نفسیاتی جنگ ہمیں شہید جنرل سلیمانی کے خون کا بدلہ لینے سے باز نہیں رکھ سکے گی۔
سپاہ پاسداران کی ایئر و اسپیس فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل امیر علی حاجی زادے نے یہ بات زور دے کر کہی کہ جنرل سلیمانی کی شہادت سے امریکہ اور صیہونیزم کے خلاف استقامی تحریک نئے مرحلے میں داخل ہوگئی اور اب یہ سونامی بن کر آگے بڑھے گی۔
رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر اعلی اکبر ولایتی نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شہید سلیمانی اور دیگر شہدائے استقامت کے خون کا انتقام عنقریب ان کے قاتلوں سے لیا جائے گا۔
نائب صدر اسحاق جہانگیری نے بھی شہید سلیمانی اور ان کے مجاہد ساتھیوں کے جلوس جنازہ میں شرکت کی اورصحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کے قاتلوں سے انتقام لینا ملت ایران کا اہم ترین مطالبہ ہے اور حکومت ان کا یہ مطالبہ ضروری پورا کرے گی۔ شہید قاسم سلیمانی اور دیگر شہدائے استقامت کے جلوس جنازہ میں شریک ایران کے وزیر انٹیلی جینس سید محمود علوی نے اس موقع پر کہا کہ امریکی فوجیوں کے انخلا سے متعلق عراقی پارلیمنٹ کی منظور کردہ قرار داد اور خطے کی مختلف اقوام کی جانب سے امریکہ کے جرم کی مذمت سے واضح ہوجاتا ہے کہ جنرل قاسم سلیمانی اور ان کے مجاہد ساتھیوں کے خون کا انتقام لینا، خطے کی اقوام کا اہم ترین مطالبہ بن گیا ہے۔
ایران کے ایٹمی توانائی کے قومی ادارے کے سربراہ ڈاکٹر علی اکبر صالحی نے اس موقع پر کہا کہ شہدائے استقامت کا خون ہرگز پامال نہیں ہوگا، انہوں نے کہا کہ جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت نے عالمی سامراج کے خلاف تحریک میں نئی روح پھونک دی ہے۔
اعلی سیکورٹی کونسل میں رہبر انقلاب اسلامی کے نمائندے سعید جلیلی نے بھی شہدائے استقامت کے جلوس جنازہ میں شرکت کی اور صحافیوں سے مختصر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سامراج کے جدو جہد کا مشن پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گا۔