امریکہ کے تمام فوجی اڈے ایرانی میزائلوں کے نشانے پر
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے کہا ہے کہ امریکہ نے بغداد ایئر پورٹ کے قریب شہید حاج قاسم سلیمانی کو بزدلانہ طریقہ سے شہید کرکے تاریخی غلطی کا ارتکاب کیا ہے۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی ایئر فورس کے کمانڈر جنرل امیر علی حاجی زادہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئےکہا ہے کہ عین الاسد میں امریکی ایئر بیس پر ایران کے میزائلی حملے امریکہ کے لئے تباہ کن ثابت ہوئے، ایران نے امریکہ کا رعب و دبدبہ ختم کردیا ہے خطے میں امریکہ کے تمام فوجی اڈے ایرانی میزائلوں کے نشانے پر ہیں۔
انھوں نے کہا کہ امریکہ نے بغداد ایئر پورٹ کے قریب شہید حاج قاسم سلیمانی کو بزدلانہ طریقہ سے شہید کرکے تاریخی غلطی کا ارتکاب کیا ہے ، امریکہ کی یہ اسٹراٹیجک غلطی خطے سے امریکہ کے خاتمے کا باعث بنے گی جبکہ امریکہ نے اپنے اس دہشت گردانہ اقدام سے خطے میں اپنے ہزاروں فوجیوں کی جانوں کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔
امیر علی حاجی زادہ نے کہا کہ ہم نے ابھی شہید سلیمانی کے پاک اور ناحق خون کا بدلہ نہیں لیا ابھی ہم نے اپنی پہلی جھلک دکھائی ہے اگر امریکہ خطے سے نکل گیا تو ٹھیک، ورنہ ہم اسے خطے سے نکال کر دم لیں گے اور اس خطے سے امریکہ کا اخراج ہی شہید سلیمانی کے پاک خون کا اصلی بدلہ ہوگا۔
جنرل حاجی زادہ نے کہا کہ امریکہ کے صدر ٹرمپ کا بیان امریکی اور عالمی رائے عامہ کو گمراہ کرنے کے لئے ہے اگر امریکی صدر اپنے اس بیان میں سچے ہیں کہ ایرانی میزائل حملے میں امریکہ کا کوئی فوجی ہلاک نہیں ہوا تو صحافیوں کو وہاں جانے کی اجازت دیں پھر سچ اور جھوٹ کا سب کو پتہ چل جائےگا۔
جنرل حاجی زادہ نے کہا کہ ہم نے میزائلی حملوں کے علاوہ دشمن پر سائیبر حملہ بھی کیا اور ان کے ڈرون طیاروں کا کنٹرول ان کے ہاتھوں سے چھین لیا اور ہمارے اس اقدام سے امریکیوں پر مزید خوف و ہراس طاری ہوگیا۔
انھوں نے کہا کہ اسرائیل خطے میں امریکہ کے تمام سنگین جرائم میں برابر کا شریک ہے۔ اسرائیل کے ہاتھ فلسطینی، لبنانی، شامی، عراقی اور یمنی مسلمانوں کے خون سے رنگین ہیں لہذا ہم اسے کبھی معاف نہیں کریں گے۔