ایرانی عوام کی استقامت امریکا کی تلملاہٹ کا سبب ہے، رہبر انقلاب اسلامی ( تفصیلی خبر)
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے حج کے موقع پر اسلامی جمہوری نظام کے رول ماڈل کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کی ضرورت پر تاکید فرمائی ہے۔
پیرکی صبح محکمہ حج کے عہدیداروں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ دنیا کو اسلامی جمہوری نظام کے رول ماڈل سے روشناس کرانے کے لیے حج کے عظیم اجتماع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔
آپ نے فرمایا کہ دنیا اسلامی جمہوری نظام کے رول ماڈل سے آشنا نہیں ہے اور اس کے مقابلے میں لاکھوں ابلاغیاتی ذرائع اس نظام کے خلاف پروپیگنڈے میں مصروف ہیں۔
رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ ایران کے خلاف امریکہ کی دشمنی اور ایرانی عوام کی جانب سے اس کی دھمکیوں کے سامنے ڈٹ جانے کے معاملے کو بھی حج کے موقع پردنیا کے سامنے اجاگر کرنے کی کوشش کی جائے۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ایک سیاسی، عقیدتی اور اجتماعی تحریک کے طور پر حج کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا کہ بہت سے ممالک حج کی اہمیت اور اس کلیدی کردار سے غافل ہیں حالانکہ حج ایک ٹھوس اور بین الاقوامی تحریک کا پیش خیمہ ہے اور اس سے امت مسلمہ کے لیے بیش بہا فوائد کی توقع کی جاسکتی ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے امت واحدہ کے قیام کو روکنے کے لیے کی جانے والی سازشوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ مسلم امہ سے حقیقی مراد ایک ایسا مضبوط اتحاد ہے جو مشترکہ اہداف اور عزم کے ساتھ قدم آگے بڑھائے۔ آپ نے فرمایا کہ ایسا اتحاد اب تک قائم نہیں ہوسکا ہے اور افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ امت کے خیر خواہوں اور درد مند لوگوں کی دعوت اتحاد کے مقابلے میں اسلامی ملکوں میں الزام تراشیوں، اختلافات اور جنگوں کا رواج ہے۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے امریکیوں کی اس بات کا مطلب کہ، ایران کو ایک عام ملک میں تبدیل ہوجانا چاہیے، یہ ہے کہ ایران اسلامی اور دینی نظریات اور عوامی رائے کی بنیاد پر معاشرے کے انتظام و انصرام کے جدید نظریے سے دستبردار ہوجائے۔
آپ نے فرمایا کہ حج کے موقع پر ضروری کاموں میں سے ایک یہ ہے کہ دنیا کے سامنے اسلامی جمہوری نظام کے سیاسی بنیادوں کی وضاحت اور اس کے نئے پیغام کو اجاگر کیا جائے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے اسلامی تعلیمات ، اساس اور اسلامی جمہوریہ ایران کی استقامت جیسے اس کے مظاہر کی تشریح کو دنیا کے لیے پرکشش قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ ایرانی عوام سے امریکہ کی تلملاہٹ کی وجہ وہ کشش ہے جو بدمعاشوں کے سرغنہ کے مقابلے میں ایک خود مختار نظام کے ڈٹ جانے کے نتیجے میں دنیا والوں کے ذہنوں کو اپنی جانب کھیچ رہی ہے۔