ایرانی صدر کی ترک صدر سے تعزیت
Jan ۲۶, ۲۰۲۰ ۰۹:۴۱ Asia/Tehran
ایران کے صدر نے ترک صدر کے نام پیغام میں ترکی میں زلزلہ سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پرتعزیت کی۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے ترک صدررجب طیب اردوغان کے نام پیغام میں ترکی میں زلزلہ سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر ترکی کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ہمہ گیرامداد فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔
صدر حسن روحانی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ایرانی حکومت اور عوام اس مشکل گھڑی میں ترک حکومت اور عوام کے غم میں شریک اور ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
صدر روحانی نے کہا کہ ایران زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں ہمہ گیر امداد رسانی کے لئے آمادہ ہے اور ہم اس مشکل وقت میں ترکی کے ساتھ کھڑے ہیں۔
واضح رہے کہ ترکی میں آنے والے شدید زلزلے سے اب تک 29 افراد جاں بحق اور 1466 زخمی ہوئے جبکہ سینکڑوں مکانات تباہ ہوئے۔