Jan ۳۱, ۲۰۲۰ ۰۹:۳۸ Asia/Tehran
  • ایران و پاکستان کے تعلقات ایشیا کے مستقبل کے لئے اہم: ایرانی سفیر

ایران کے سفیر نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان کے در میان اہم دو طرفہ تعلقات قائم ہیں اور دونوں ممالک کو ایشیا کے مستقبل کے لئے اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔

پاکستان میں تعینات اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے جمعرات کے روز ایران و پاکستان کے سلامتی تعاون کے عنوان سے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے خطے میں سکیورٹی کے لئے ایران کے واضح موقف کا حوالہ دیتے ہوئے ہرمزامن منصوبے میں علاقائی ممالک کی شمولیت کا مطالبہ کیا۔

ایران کے سفیر نے کہا کہ آج علاقے کے لئے ایک جامع اور ہمہ گیر گفتگو کی ضرورت ہے جس  کے لئے ایران نے گزشتہ برسوں سے اقوام متحدہ کے فریم ورک کے تحت اس پر کام کیا ۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی صدر کے اس منصوبے کا مقصد اغیار کی مداخلت کے بغیر اور علاقائی ممالک کے درمیان تعاون کے ساتھ خلیج فارس، بحیرہ عمان اور آبنائے ہرمز میں امن و امان کا قیام ہے۔

ایرانی سفیر نے کہا کہ امن کو فروغ، استحکام، علاقائی عوام کی بہبودی، تجارت کو آسان بنانا، دوستانہ، ثقافتی، اقتصادی اور کثیر الجہتی تعلقات کی مضبوطی اور تنازعات کو حل کرنا اس منصوبے میں شامل ہے۔

سید محمد علی حسینی نے کہا کہ ہرمز امن منصوبے کے دوسرے مقاصد، پرامن طریقے اور مذاکرات کے ساتھ موجودہ جنگ اور تنازعات کو حل کرنا، دہشتگردی اور انتہاپسندی کی شکست کے لئے باہمی تعاون، ممالک کی علاقائی سالمیت کا احترام ، چیلنجوں کا مقابلہ اور دوسرے ممالک کے اندرونی مسائل میں عدم مداخلت ہے۔

ایران کے سفیر نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان کے در میان اہم دو طرفہ تعلقات قائم ہیں اور دونوں ممالک کو ایشیا کے مستقبل کے لئے اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔

سید محمد علی حسینی نے کہا کہ جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت سے امریکہ نے ایک بار پھر ثابت کردیا کہ وہ کوئی عالمی معاہدے اور قوانین کی پاسداری نہیں کرتا ۔

ٹیگس