ایران اسلامی میں عشرہ فجر کی تقریبات کا آغاز
Feb ۰۱, ۲۰۲۰ ۱۴:۳۱ Asia/Tehran
اسلامی انقلاب کے بانی حضرت امام خمینی رح کی وطن واپسی کے تاریخ ساز دن کے موقع پر ایران میں اسلامی انقلاب کی اکتالیسویں سالگرہ کی دس روزہ تقریبات کا باضابطہ آغاز ہوگیا ہے۔
ایران کے اسلامی انقلاب کی قابل فخرکامیابی کی اکتالیسویں سالگرہ"عشرہ فجر" کے آغاز پر رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔
بعدازاں آپ آیت اللہ بہشتی، شہید صدر محمد علی رجائی اور شہید وزیراعظم جواد باہنر اور دیگر شہدائے انقلاب کی قبور پر تشریف لے گئے اور شہدا کے درجات کی بلندی کی دعا کی۔
امام خمینی رح کی وطن واپسی کی سالگرہ کے موقع پر آپ کے مزار پر ایک پر وقار تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں عوام کے مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی کثیر تعداد کے علاوہ، اعلی سول اور فوجی حکام بھی شریک تھے۔
اس موقع پرشہدا کے تاریخی قبرستان میں اس مقام پر بھی پھول نچھاور کیے گئے جہاں آج سے اکتالیس سال قبل وطن واپسی پر حضرت امام خمینی (رح) نے قوم سے پہلا خطاب اور ملک میں اسلامی حکومت کے قیام کا اعلان کیاتھا۔
علاوہ ازیں ایران بھرکی مساجد میں آج صبح نماز شکرانہ ادا کی گئی جبکہ امام خمینی کی وطن واپسی کے وقت کی یاد میں ملک بھر کے کلیساؤں میں ناقوس، ٹرینوں اور بحری جہازوں کے ہارن جبکہ اسکولوں میں انقلاب کےگھنٹے بجائے گئے۔
تہران کے مہرآباد ایئرپورٹ سے شہیدوں کے قبرستان بہشت زھرا جانے والے تاریخی راستے پر پھول برسائے گئے اور موٹر سائیکل سوار سیکورٹی اسکوارڈ نے مارچ کیا۔
آج یکم فروری ایران میں اسلامی انقلاب کی دس روزہ تقریبات کے آغاز کا دن ہے۔
اکتالیس سال قبل آج ہی کے دن یکم فروری انیس سو اناسی کو اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی(رح) پندرہ سال کی جلاوطنی کے بعد ایران واپس تشریف لائے تھے اور قوم نے آپ کا فقید المثال استقبال کیا تھا۔
امام خمینی(رح) کی وطن واپسی کے محض دس روز بعد گیارہ فروری انیس سو اناسی کو ایران کا عظیم اسلامی انقلاب کامیابی سے ہمکنارہوا تھا اسی بات کو مد نظر رکھتے ہوئے ایران میں ہرسال ان ایام میں "عشرہ فجر" کے نام سے اسلامی انقلاب ایران کی سالگرہ کی دس روزہ تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔