Feb ۱۲, ۲۰۲۰ ۱۳:۳۰ Asia/Tehran
  • صدر مملکت کا ایرانی قوم سے اظہار تشکر

صدر ایران ڈاکٹر حسن روحانی نے اپنے ایک پیغام میں اسلامی انقلاب کی سالگرہ کی ریلیوں میں بھرپور اور پرجوش شرکت پر قوم کا شکریہ ادا کیا ہے۔  دوسری جانب اسلامی انقلاب ایران کی اکتالیسویں سالگرہ کے جلو‎س میں ایرانی عوام کی بھرپور شرکت کو پاکستان سمیت دنیا بھر کے ذرائع ابلاغ نے نمایاں کوریج دی ہے اور اخبارات نے خصوصی شہہ سرخیوں کے ساتھ شائع کیا ہے۔ 

قوم کے نام صدر ایران کے پیغام میں آیا ہے کہ گیارہ فروری کے جلوسوں میں ایران کے غیور اور انقلابی عوام کی پرجوش اور ولولہ انگیز شرکت نے، دنیا کے سامنے ایک بار پھر قومی اتحاد اور ملی یکجہتی کا شاندار اور یادگار جلوہ پیش کیا ہے۔

صدر ایران نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ گیارہ فروری کے جلوسوں میں، جوسپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی قدس فورس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کے چہلم کا دن بھی تھا، ایرانی عوام کی پرخلوص، ہم آہنگ اور ہوشمندانہ مشارکت نے اسلامی نظام کے ساتھ اس قوم کی وابستگی اور انقلابی امنگوں کی پاسداری کے عزم کو اور بھی زیادہ نمایاں کردیا ہے۔

دوسری جانب اسلامی انقلاب  کی اکتالیسویں سالگرہ کے جلو‎س میں ایرانی عوام کی بھرپور شرکت کو پاکستان سمیت دنیا بھر کے ذرائع ابلاغ نے نمایاں کوریج دی ہے اور اخبارات نے خصوصی شہہ سرخیوں کے ساتھ شائع کیا ہے۔

پاکستان کے انگریزی اور اردو زبان کے ٹی وی چینلوں اور اخبارات نے گیارہ فروری کے جلوسوں کی کوریج دیتے ہوئے لکھا ہے کہ ایرانی عوام نے امریکہ کی پٹھو شاہی حکومت کی سرنگونی کی اکتالیسویں سالگرہ میں بھرپور حصہ لے کر واشنگٹن کی ہنسی اڑائی ہے۔

روزنامہ ایکسپریس کے مطابق اسلامی انقلاب کی اکتالیسویں سالگرہ کے موقع پر لاکھوں ایرانی ملک بھر کی سڑکوں اور شاہراہوں پر نکلے اور انہوں نے اسلامی انقلاب سے تجدید بیعت کے ساتھ ساتھ امریکہ اور صیہونی حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔

ریڈیو پاکستان کی ویب سائٹ نے بھی اپنی ایک رپورٹ میں اسلامی انقلاب کی اکتالیسویں سالگرہ میں ایرانی عوام کی بھرپور مشارکت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے لکھا کہ ایرانیوں نے چار عشرے سے جاری امریکہ کی مخاصمانہ پالیسیوں کی  مذمت کی۔

انگریزی زبان میں شائع ہونے والے اخبار پاکستان ٹوڈے نے بھی اس سال تہران اور ایران کے دیگر شہروں میں گیارہ فروری کو نکالے جانے والے پرجوش عوامی جلوسوں کا ذکر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ تہران اور واشنگٹن میں پائی جانے والی کشیدگی کے درمیان ایرانی عوام نے اسلامی انقلاب کی کامیابی کا جشن انتہائی پرشکوہ طریقے سے منایا۔

روزنامہ ایکسپریس ٹریبون نے لکھا کہ اکتالیس برس قبل خطے سے نکالے جانے والے امریکہ سے ایران کی عظیم قوم کی خود مختاری برداشت نہیں ہورہی۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی فرانس پریس نے تہران واشنگٹن  کی کشیدگی کی   جانب اشارہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ایرانی عوام  نے اسلامی انقلاب کی سالگرہ میں شرکت کرکے اپنے اتحاد اور یکجہتی کا بے مثال مظاہرہ کیا ہے۔

فرانس ٹوئنٹی فور، نیوز ایجنسی رائٹرز، ایسوسی ایٹڈ پریس، روزنامہ واشنگٹن پوسٹ اور درجنوں دوسرے مغربی ذرائع ابلاغ، ایرانی عوام  کی بھرپور مشارکت کو کم کرنے کی کوششوں کے باوجود، گیارہ فروری کے جلوسوں کی کوریج پر مجبور ہوگئے۔

اسی دوران روسی ٹیلی ویژن رشیا ٹوڈے نے تہران سے اپنی لائیو کوریج میں بتایا کہ شدید برفباری اور سردی بھی ایرانیوں کو اسلامی انقلاب کی سالگرہ کا جشن منانے سے باز نہ رکھ سکی اور کروڑوں تعداد میں ایرانی شہری ملک بھر کی سڑکوں اترے اور انہوں نے بھرپور طریقے سے اپنے اسلامی انقلاب کی اکتالیسویں سالگرہ منائی۔

ٹیگس