تہران کی بلدیہ کا ملت چین سے اظہار ہمدردی
Feb ۱۹, ۲۰۲۰ ۱۵:۳۴ Asia/Tehran
تہران کی بلدیہ نے منگل کی رات آزادی ٹاور پر کچھ تصاویر جاری کرکے کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں دنیا کو ایران کے عوام کی جانب سے چین کے عوام کے ساتھ ہمدردی کا پیغام دیا۔
تہران کی بلدیہ کے ادارہ مواصلات اور بین الاقوامی امور کےسربراہ غلام حسین محمدی نے ٹوئٹ کر کے امید ظاہر کی کہ چین کے عوام باہمی اتحاد اور پوری دنیا کے عوام کے تعاون سے مکمل امن و سلامتی کے ساتھ اس بحران پر قابو پا لیں گے۔
تہران میں چین کے سفیر چانگ ھوا نے بھی سوشل میڈیا پر آزادی ٹاور پر چینی پرچم کی اسکریننگ کا ویڈیو جاری کرتے ہوئے تہران کی بلدیہ اور ایران کے عوام کا شکریہ ادا کیا۔
اس سے قبل ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے چین کے وزیر خارجہ وانگ ای سے ٹیلی فونی گفتگو میں چین کی جانب سے کورونا وائرس کو کنٹرول کرنے کی کوششوں کو سراہا تھا۔
کورونا وائرس جو چین کے شہر ووہان سے پھیلا ہے اس وقت امریکہ، برطانیہ، اسٹریلیا، تھائیلینڈ، جنوبی کوریا، جاپان، کینیڈا اور فرانس سمیت دنیا کے پچیس ممالک تک پہنچ چکا ہے۔
تارہ ترین اعداد و شمار کے مطابق اب تک چین میں بہتر ہزار افراد اس وائرس میں مبتلاء ہیں جبکہ دوہزار چار سو افراد اس کا شکار ہو کر اپنی جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔
چین کے قومی ہیلتھ کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ اب تک دس ہزار چھے سو سے زیادہ افراد کا علاج ہوچکاہے۔ایران میں کہیں بھی اس بیماری کی کوئی علامت نہیں دیکھی گئی ہے۔