کورونا وائرس سے مقابلے کیلئے ایران کی مدد کا امریکی دعوی، دھوکہ اور پروپیگنڈہ
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے امریکی وزیر خارجہ کے کورونا وائرس سے مقابلے کیلئے ایران کی مدد کرنے کے دعوے کو عالمی رائے عامہ کو دھوکہ دینے اور سیاسی اغراض و مقاصد پر مبنی پروپیگنڈہ اور منافقانہ اقدام قرار دیاہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے کل رات امریکی وزیر خارجہ مائیک پمپیو کے بیان پرسخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک ایسے ملک کی طرف سے کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں ایران کی مدد کا دعوی سامنے آیا ہے کہ جو اقتصادی دہشت گردی کے ذریعہ ایرانی عوام پر سخت دباؤ ڈال رہا ہے اورحتی ادویات اور طبی سامان کی خریداری کو بھی روک دیا ہے جس سے بخوبی دکھائی دیتا ہے کہ امریکی دعوی جھوٹ پر مبنی نفسیاتی اور سیاسی کھیل ہے۔
سید عباس موسوی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ مختلف ممالک کے ساتھ ملک کی صحت سے متعلق ضروریات کو پورا کرنے اور کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کے لئے قریبی رابطے میں ہے اور ہم نے ایک لاکھ تشخیصی کٹس، مصنوعی سانس لینے والے آلات ، سرجیکل ماسک اور دیگرطبی سامان دوست ممالک سے حاصل کئے اور دیگر سامان راستے میں ہے ۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کیلئے جو اب ایک عالمی وبا کی شکل اختیارکر گیا ہے اور بہت سے ممالک میں پھیل چکا ہے، عالمی عزم اور وسیع بین الاقوامی تعاون کی ضرورت ہے اور اسے سیاسی اغراض و مقاصد کیلئے استعمال نہیں کیا جانا چاہئیے۔
یاد رہے کہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پمپیو نے کل اپنے ٹوئٹر پیج میں کورونا وائرس سے مقابلہ کرنے کیلئے ایران کی مدد کرنے کا دعوی کیا تھا۔