Mar ۰۵, ۲۰۲۰ ۲۲:۱۵ Asia/Tehran
  • سات سو سے زائد کورونا بیمار، شفایاب ہوکر گھر لوٹے: ایران

عالمی ادارہ صحت کے وفد نے ایران میں کورونا مریضوں کے علاج نیز خدمات کی فراہمی اور کورونا وائرس پر قابو پانے کی غرض سے انجام پانے والے اقدامات کو قابل تعریف بتایا ہے۔

ہمارے نمائندے کے مطابق عالمی ادارہ صحت اور چینی ماہرین کے وفد نے کورونا وائرس پر قابو پانے کی غرض سے ایران میں انجام پانے والے اعلی سطحی اقدامات کو اطمینان بخش قرار دیا ہے۔ 
عالمی ادارہ صحت کے نمائندے نے کہا کہ ایران کورونا وائرس کے مقابلے کے لیے پوری طرح سے تیار ہے۔ 
دوسری طرف ایران کی وزارت صحت کے شعبہ رابطہ عامہ کے سربراہ نے جمعرات کی شام میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد سات سو انتالیس ہوگئی ہے اور ان لوگوں کو اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں کورونا وائرس کے نئے کیس سامنے آنے کے بعد اس موذی مرض میں مبتلا افراد کی تعداد تین ہزار پانچ سو تیرہ ہوگئی ہے اور ہمیں افسوس ہے کہ اب تک اس بیماری میں مرنے والوں کی تعداد ایک سو سات ہوگئی ہے۔
ادھر کورونا وائرس کے پھیلنے کے اندیشے کی وجہ سے ہندوستان کے دارالحکومت دہلی میں سبھی پرائمری اسکولوں کو اکتیس مارچ تک کے لئے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے کورونا وائرس کے سبب اپنا یورپی یونین کا دورہ منسوخ کردیا ہے۔ 
اسی کے ساتھ اعلان کیا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے سبب ہندوستانی پارلیمنٹ کا بجٹ اجلاس وقت سے پہلے ہی ختم ہوسکتا ہے۔ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ حکومت، کورونا وائرس کے سبب پارلیمنٹ کے بجٹ سیشن کی مدت کم کرنے پر غور کر رہی ہے۔ 

ٹیگس