Mar ۱۰, ۲۰۲۰ ۱۳:۵۱ Asia/Tehran
  • کورونا کے بحران سے نمٹنے کے لئے انسان دشمن پابندیوں کا خاتمہ ضروری : لاریجانی

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر لاریجانی نے ایران کے خلاف میڈیکل سمیت تمام پابندیوں کو فوری طور پر ختم کرنے کی ضرورت پر دیا ہے۔

ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے دنیا کے مختلف ممالک کے پارلیمانی اسپیکروں اور بین الپارلیمانی یونین کے سربراہوں کےنام علیحدہ علیحدہ خط لکھ کرایران کے خلاف دواؤں اور میڈیکل سمیت تمام پابندیوں کو فوری طور پر اٹھالئے جانے کے لئے عالمی برادری کے ہم آواز ہونے اور ایک ساتھ آواز اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔

ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے منگل کو بین الپارلیمانی یونین ، اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک اور اسلامی و ایشیائی ممالک کی پارلیمانوں کے سربراہوں کے نام اپنے خطوط میں ایران کے خلاف امریکہ کی انسان دشمن پابندیوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واشنگٹن کے اس اقدام منجملہ میڈیکل ، دواؤں اور لبیارٹریز سے متعلق وسائل و آلات پر پابندیوں کو کرونا کو پھیلنے سے روکنے میں ایک رکاوٹ قرار دیا۔ ڈاکٹر لاریجانی نے تاکید کے ساتھ کہا کہ امریکہ کی جانب سے عائد پابندیاں اقوام متحدہ کے منشور اور عالمی ادارہ صحت کے آئین کے منافی ہیں اور یہ کرونا وائرس کو کنٹرول کرنے کے لئے تمام علاقائی و بین الاقوامی کوششوں پر ناقابل انکار منفی نتا‏ئج مرتب کررہی ہیں۔

ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ عالمی ادارہ صحت نے بعض ممالک میں کورونا وائرس پھیلنے کی وجہ سے ہنگامی حالت کا اعلان کردیا ہے کہا کہ آج کے موجودہ عالمی حالات میں ہمیشہ سے زیادہ کورونا وائرس میں مبتلاء ممالک کی مدد کے لئے لیجسٹیک اور تکنیکی وسا‏ئل فراہم کرنے کے لئے قومی ، علاقائی اور بین الاقوامی تعاون کی ضرورت پوری طرح واضح ہوچکی ہے۔

کورونا وائرس دسمبر دوہزار انیس میں شہر ووہان سے پھیلنا شروع ہوا اور اس وقت چین سمیت دنیا کے ایک سو دس ممالک میں سرایت کر چکا ہے ۔ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق اس وائرس میں اب تک دنیا بھر کے ایک لاکھ چودھ ہزار سے زیادہ افراد مبتلاء ہو چکے ہیں کہ جس میں چونسٹھ ہزار سے زیادہ لوگ صحتیاب جبکہ چار ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں درایں اثنا ماسکو میں ایران کے سفیر نے کہا ہے کہ روس کی جانب سے اسلامی جمہوریہ ایران کو کورونا وائرس کی تشخیص کے لئے پانچ سو کیٹس فراہم کی گئی ہیں جو پچاس  ہزار مریضوں کی تشخیص کرسکتی ہیں۔ماسکو میں ایران کے سفیر کاظم جلالی نے منگل کو کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کے لئے ایران کے ساتھ روس کے تعاون کو سراہتے ہوئے تمام میدانوں خاص طور سے میڈیکل دواؤں کے شعبے میں تعاون کی سطح بڑھانے کے لئے دونوں ملکوں کے عزم پر تاکید کی ۔کاظم جلالی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ کورونا وائرس کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے علاقائی اور عالمی تعاون بہت ضروری ہے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے کورونا وائرس کو کنٹرول کرنے کے لئے لازمی تدابیر اختیار کرتے ہوئے اس مہلک وائرس کو روکنے کی بھرپور کوشش کی ہے اور اس سلسلے میں وسیع پیمانے پر اقدامات کررہا ہے ۔

ٹیگس