Mar ۱۹, ۲۰۲۰ ۱۶:۱۱ Asia/Tehran
  • ایران اور پاکستان فضائی ٹرانسپورٹ کے میدان میں تعاون کو فروغ دیں گے

ایران اور پاکستان نے فضائی ٹرانسپورٹ کے شعبے میں باہمی تعاون کے فروغ پر زور دیا ہے۔

ہمارے نمائندے کے مطابق اسلام آباد میں متعین ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے پاکستان کے وزیر شہری ہوابازی غلام سرور خان سے ملاقات کی جس میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے فروغ کی راہوں کا جائزہ لیا گیا۔ 
سید محمد علی حسینی نے اس موقع پر ایران کے خلاف امریکہ کی اقتصادی اور میڈیکل دہشت گردی کے تعلق سے بھی پاکستان کے وزیر شہری ہوا بازی کو آگاہ کیا۔ 
پاکستان کے وزیر شہری ہوابازی غلام سرور خان نے اس موقع پر یہ بات زور دے کہی کہ کورونا کے خلاف کامیابی کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں مزید فروغ کا مشاہدہ کیا جائے گا۔ انہوں نے میڈیکل کے شعبے میں ایران کی ترقی اور بعض میڈیکل آلات کی تیاری میں اس کے خود کفیل ہونے کی تعریف کی۔ 
پاکستان کے وزیر شہری ہوا بازی نے ایران کے خلاف امریکی پابندیوں کو غیر انسانی قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال میں عالمی برداری کو اسلامی جمہوریہ ایران اور ایرانی قوم کی بھرپور طریقے سے مدد کرنا چاہیے۔ 
ایرانی سفیر اور پاکستان کے شہری ہوا بازی کے وزیر نے یہ بات زور دے کر کہی بعض قوتوں کی جانب سے تخریبی کوششوں کے باوجود ایران اور پاکستان کے درمیان تعلقات کا فروغ جاری رہے گا۔ 

ٹیگس