Mar ۲۸, ۲۰۲۰ ۱۸:۱۸ Asia/Tehran
  • دنیا کو حیرت ہے کہ پابندیوں کے باوجود ایران کیسے کورونا کا مقابلہ کر رہا ہے: صدر روحانی

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کورونا کی روک تھام کے لئے ملک میں سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے قانون پر عمل کو لازمی قرار دیا۔

ایران کے صدر حسن روحانی نے ہفتے کو تہران میں اینٹی  کورونا  نیشنل ہیڈکواٹر کے اجلاس میں کہا کہ سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے قانون  پر عمل درآمد آٹھ اپریل تک  جاری رہے گا۔ صدر حسن روحانی نے ایران کے تمام عوام اور اداروں سے کورونا کا مقابلہ کرنے کے لئے لازمی تعاون کی اپیل کی۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے ایک بار پھر کہا کہ ایران کے عوام پابندیوں کے دور سے گذر رہے ہیں اور انہیں سخت حالات کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا کو حیرت ہے کہ ایک ایسا ملک جس پر پابندیاں عائد ہیں وہ کس طرح اس مہلک و قاتل وائرس کا مقابلہ کر رہا ہے۔

ایران میں کورونا وائرس کا پتہ چلنے کے بعد سے ہی مسلح افواج اور تمام متعلقہ اداروں کی مدد سے اس کی روک تھام اور مریضوں کے علاج معالجے کے اقدامات شروع کر دیئے گئے تھے اور اس وقت ان اقدامات پر نہایت تیزی سے عمل ہو رہا ہے۔

پورے ایران میں کورونا وائرس پھیلنے کے سلسلے کو توڑنے کی غرض سے جمعہ کی صبح سے سماجی فاصلہ اختیار کرنے کے قانون پر عمل درآمد شروع ہو گیا ہے۔ اس قانون  کے تحت ہر طرح کے اجتماع کے انعقاد اور غیر ضروری آمد و رفت پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

ٹیگس