Mar ۲۸, ۲۰۲۰ ۲۳:۴۳ Asia/Tehran
  • انسداد کورونا مہم میں مصروف ایران کے خلاف نئی امریکی سازش کا انکشاف

امریکی وزارت جنگ پینٹاگن نے فوجی حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ عراق میں امریکا کی جنگ میں شدت کا منصوبہ تیار کریں۔

نیویارک ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ پینٹاگن نے فوجی حکام سے کہا ہے کہ عراق میں ایران کی حمایت یافتہ تنظیموں اور گروہوں کو تباہ کرنے کا منصوبہ تیار کریں۔

امریکا اس منصوبے کے تحت ہزاروں کی تعداد میں اپنے فوجی عراق بھیجنا چاہتا ہے جو بڑے آپریشن میں حصہ لیں گے جس میں بڑے پیمانے پر خونریزی ہو سکتی ہے۔

عراق کے فوجی حکام نے امریکا کے اس منصوبے کے مد نظر شدید انتباہ دیا ہے کہ یہ ایران کے خلاف جنگ کے آغاز کا منصوبہ ہے جس سے تشدد میں بہت زیادہ اضافہ ہو سکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپئو اور امریکی قومی مشیر رابرٹ اوبرائن کا یہ خیال ہے کہ اس وقت ایران کورونا کی وبا سے جنگ میں مصروف ہے تو یہ بہت اچھا موقع ہے کہ ایران کے حمایت یافتہ گروہوں کا کام تمام کر دیا جائے جبکہ متعدد امریکی حکام نے اس منصوبے پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ اس طرح کا منصوبہ، عراقی حکومت کے ساتھ امریکا کے معاہدے کی خلاف ورزی ہے اور دوسری بات یہ ہے کہ اس طرح عراق میں امریکی فوجیوں کے لئے خطرہ بڑھ جائے گا۔

ٹیگس