Apr ۰۴, ۲۰۲۰ ۱۶:۲۳ Asia/Tehran
  • ایران، کورونا کو شکست دینے والوں کی تعداد بیس ہزار کے قریب

اسلامی جمہوریہ ایران میں کورونا وائرس کے خلاف کامیاب مہم کے دوران جہاں انیس ہزار سے زائد افراد صحتیاب ہو کے اسپتالوں سے رخصت ہو کے اپنے گھروں کو جا چکے ہیں، وہیں تقریبا سات کروڑ شہریوں کی کورونا اسکریننگ کا کام بھی مکمل ہو چکا ہے۔

ایران کی وزرات صحت کے ترجمان کیانوش جہانپور نے بتایا ہے کہ انسداد کورونا قومی مہم کے تحت ملک بھر میں چھے کروڑ نوے لاکھ لوگوں کی اسکریننگ مکمل ہوگئی ہے اور یہ عمل پوری تندھی کے ساتھ جاری ہے۔ مسٹر جہانپور نے بتایا کہ ایک لاکھ سے زائد اہلکار اور رضاکار کورونا اسکریننگ کا کام انجام دے رہے ہیں اور یہ کام وزارت صحت کی قائم کردہ ویب سائٹ اور ٹیلی فون کے ذریعے انجام دیا جارہا ہے۔
کیانوش جہانپور کا کہنا تھا کہ اسکریننگ کے نتیجے میں اسپتالوں سے رجوع کرنے والے افراد کی تعداد میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔
ایران کی وزارت صحت کے ترجمان نے بتایا کہ ملک بھر میں کورونا وائرس میں اب تک مبتلا ہونے والے پـچپن ہزار سات سو تینتالیس افراد میں سے انیس ہزار سات سو چھتیس افراد صحت یاب ہو کر اسپتال سے رخصت ہو گئے ہیں۔ تازہ صحت یاب ہونے والوں میں ایک سو چھے سالہ بوڑھا شخص بھی شامل ہے۔ 
انہوں نے بتایا کہ پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران ملک میں مزید ایک سو اٹھاون افراد کے انتقال کے بعد کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد تین ہزار چار سو باون ہو گئی ہے۔ 
انہوں نے ایران کی مدد کے لیے آمادگی سے متعلق امریکی حکومت کے بار بار کئے جانے والے دعووں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ، امریکہ میں میڈیکل اشیا کی قلت کے پیش نظر، وائٹ ہاؤس کی جانب سے دیگر ملکوں کو دوائیں اور میڈیکل آلات فراہم کرنے کے دعوے محض فریب کاری ہے۔ 
ایران کی وزارت صحت کے ترجمان نے ایرانی عوام کے خلاف امریکہ کی ظالمانہ پابندیوں کے خاتمے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے واضح کیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران سیاسی محرکات کے تحت امریکہ اور اس کے اتحادیوں سے کسی بھی قسم کی مدد قبول نہیں کرے گا۔ 
دوسری جانب اقوام متحدہ کے یورپی ہیڈکوراٹر میں ایران کے مستقل نمائندے اسماعیل بقائی نے عالمی ادارہ صحت کے سربراہ کے نام ایک خط میں کہا ہے کہ امریکی پابندیوں کے نتیجے میں ایران اور دنیا کے دیگر ملکوں کے درمیان بینکاری لین دین بند ہو گیا ہے جس کی وجہ سے کورونا کے مقابلے کے لیے لازمی طبی وسائل اور اشیا کی خریداری ناممکن ہو گئی ہے۔ 
قبل ازیں ایران کے وزیر صحت ڈاکٹر سعید نمکی نے تہران میں عالمی ادارہ صحت کے آن لائن اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران کے خلاف امریکی پابندیاں نسل کشی کے مترادف اور عالمی صحت و سلامتی کے لیے سنگیں خطرہ شمار ہوتی ہیں۔ 
قابل ذکر ہے کہ اس وقت دنیا کے تقریبا سب ہی ممالک کورونا وائرس کے بحران میں مبتلا ہیں اور دنیا بھر میں کورونا کا شکار ہونے والوں کی تعداد دس لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جن میں سے تقریبا انسٹھ ہزار افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔ جبکہ دو لاکھ انتیس ہزار افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔ 

ٹیگس