آرمی ڈے کے موقع پر فوجی جوانوں کی ’’خدمت پریڈ‘‘
Apr ۱۷, ۲۰۲۰ ۱۸:۵۱ Asia/Tehran
اس سال اسلامی جمہوریہ ایران میں آرمی ڈے پر روایتی فوجی پریڈ کے بجائے مسلح افواج کے دستوں نے، مدافعان وطن، یاوران سلامت کے زیر عنوان، خدمت پریڈ انجام دی جس میں، انسداد کورونا مہم میں مسلح افواج کی جانب سے عوام کو فراہم کی جانے والی انوع و اقسام کی خدمات کی جھلک پیش کی گئی۔ سترہ اپریل کو بانی انقلاب اسلامی امام خمینی (رہ) نے فوج کا قومی دن قرار دیا تھا۔
مدافعان وطن، یاوران سلامت کے عنوان سے ملک بھر میں ہونے والی خدمت پریڈ کی تقریبات میں ایران کے وزیر دفاع کے علاوہ اعلی فوجی کمانڈر بھی شریک تھے۔ اس پریڈ میں اسپرے کرنے والے آلات اور مشینوں، فیلڈ اسپتالوں کے مختلف ماڈل اور امداد رسانی کی غرض سے تیار کی جانے والی خصوصی فوجی گاڑیاں نیز فوجی جوانوں کی جانب سے کورونا کے مقابلے میں قوم کے دفاع میں انجام دی جانے والی کوششوں اور امدادی کاموں کی نمائش کی گئی۔
یہ پریڈ دارالحکومت تہران کے علاوہ ایران کے چوبیس دیگر شہروں میں بیک وقت منعقد ہوئی جس کے بعد پریڈ میں شامل دستوں کو ملک کے دور افتادہ اور محروم علاقوں میں انسداد کورونا قومی مہم میں حصہ لینے کی غرض سے روانہ کیا گیا۔
ایران کی بری فوج کے قومی دن کے موقع پر منعقدہ اس پریڈ کے موقع پر کورونا وائرس کے مقابلے کے لیے حال ہی میں تیار کیے جانے والے متعدد سسٹموں کی رونمائی بھی کی گئی جن میں اندرون شہر عوامی مقامات اور فٹ پاتھوں پر اسپرے کرنے والا سپر ڈس انفیکٹ سسٹم بھی شامل ہے۔ یہ سسٹم پچاس میٹر کی رینج میں پانچ سو لیٹر فی منٹ کی رفتار سے اسپرے کرنے کی توانائی رکھتا ہے۔ سپر ڈس انفیکٹ اسپرے سسٹم ایران کی بری فوج کے شعبہ ریسرچ کے ماہرین نے تیار کیا ہے۔
ایک اور سسٹم ٹربو جیٹ اسپرے سسٹم ہے جو چھوٹے اور محدود علاقے میں جراثیم کش اسپرے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
اس موقع پر ایران کی بری فوج کے ماہرین کی تیار کردہ فیلڈ لیب کی بھی رونمائی کی گئی جو کسی بھی علاقے میں جراثیمی، کیمیائی اور بائیولوجیکل آلودگی کا پتہ لگانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
خدمت پریڈ کے موقع پر ایران کی بری فوج کے ماہرین کے تیار کردہ دو رازی ڈس انفیکٹ سسٹموں اور ایک اسکریننگ سسٹم کی بھی رونمائی کی گئی۔
ملک میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ شروع ہوتے ہی ایران کی مسلح افواج کے تمام دستوں نے جنگی بنیادوں پر اس ہلاکت خیز وائرس کے خلاف مہم شروع کردی تھی۔
ملک کے مختلف علاقوں میں فیلڈ اسپتالوں اور نقاہت گاہوں کا قیام، ماسک اور ڈس انفکیشن مواد کی بڑے پیمانے پر تیاری، عوامی مقامات کی صفائی اور اسپرے، عام لوگوں کو ضروری ہیلتھ کٹس کی فراہمی نیز مستحق لوگوں کے درمیان راشن کی تقسیم وغیرہ ایرانی فوج کی کورونا مخالف قومی مہم میں شامل ہے۔
ایران کی بری فوج عوام پر اپنی جان نچھاور کرنے کے لیے ہمیشہ آمادہ اور تیار رہتی ہے اور اس نے کورونا ہو یا سیلاب، زلزلہ ہو یا کوئی اور بحران عوام کی خدمت کا اعزاز سینہ پر سجا رکھا ہے اور دنیا پر ثابت کیا ہے ایرانی فوج جنگ پسند نہیں بلکہ امن دوست اور عوام کی ڈھارس ہے۔
ایرانی فوج اور دنیا بھر کی دیگر افواج کے درمیان واضح فرق بھی یہی ہے کہ اس کے جوان مختلف بحرانوں کی صورت میں عوام کی خدمت میں پیش پیش رہتے ہیں۔
اگرچہ ایران کی بری فوج کی اساس جنگ پسندی پر استوار نہیں ہے تاہم وہ ہر قسم کی بیرونی جارحیت کے مقابلے میں ملک کی ارضی سالمیت اور اقتدار اعلی کا دفاع کرنے کی بھی پوری توانائی رکھتی ہے۔