Apr ۲۳, ۲۰۲۰ ۱۷:۱۸ Asia/Tehran
  • ایران اسلامی عالمی طاقت بننے کی راہ پر گامزن ہے: جنرل سلامی

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف نے کہا ہے کہ نور سیٹیلائٹ کو خلا میں بھیجا جانا ایران کے عالمی طاقت بننے کا نقطۂ آغاز ہے۔

نور اسلامی جمہوریہ ایران کا پہلا فوجی سیٹیلائٹ ہے جسے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے بدھ کے روز زمین کے مدار میں پہنچایا ہے۔

یہ سیٹیلائٹ زمین سے چار سو پچّیس کلو میٹر بلندی پر پہنچایا گیا ہے۔

سپاہ نیوز نے جمعرات کے روز رپورٹ دی ہے کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف جنرل حسین سلامی نے نور سیٹیلائٹ کو خلا میں چھوڑے جانے میں ایران کی کامیابی کے بعد ایک تحریری بیان میں کہا ہے کہ آج ہم آسمان سے زمین کو دیکھ رہے ہیں اور یہ اسلامی جمہوریہ ایران کی بڑی کامیابی ہے جو اس بات کو ثابت کرتی ہے کہ ایران اب عالمی طاقت بنتا جا رہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ترقی کا اپنا راستہ بدستور طے کرتا رہے گا اور تہران کی ترقی کا عمل اس طرح کے اقدامات کے ساتھ آئندہ بھی جاری رہے گا۔

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر جنرل حسین سلامی نے کہا کہ خلا میں سیٹیلائٹ کی کامیابی کے ساتھ تنصیب کے بعد ایران کی دفاعی طاقت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے اور خدا کا فضل و کرم ہے کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی آج خلا میں داخل ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج ہم خلا کے ذریعے دنیا بھر کو دیکھ سکتے ہیں اور اس کا واضح مطلب یہ ہے کہ ہماری دفاعی طاقت اور اسٹریٹیجک انٹیلی جینس کا دائرہ مزید وسیع تر ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج سپاہ پاسدران انقلاب اسلامی نے بڑی تبدیلی کا آغاز کر دیا ہے اور بلا شبہ اسلامی جمہوریہ ایران کے لیے یہ ایک عظیم کامیابی ہے۔ 
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر نے بتایا کہ سیٹیلائٹ کی تیاری اور لانچنگ کی تمام تر ٹیکنالوجی ایرانی ماہرین کی تیار کردہ ہے اور پابندیوں کی وجہ سے کسی طرح کا بیرونی تعاون ہمیں حاصل نہیں تھا۔
ایران کے پہلے دفاعی سیٹیلائٹ کے بدھ کے روز خلا میں روانہ کئے جانے اور کامیابی کے ساتھ زمین کے مدار میں پہنچنے پر رشیا ٹو ڈے، عراق کی الغد ویب سائٹ، شام کے سومریہ نیوز ٹی وی چینل، لبنان کے النشرہ اخبار اور فرانس نیوز چینل چوبیس کے علاوہ عالمی و علاقائی ذرائع ابلاغ نے اسے ایران کی بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔

اُدھر امریکہ اور صیہونی ٹولے نے بھی اسلامی جمہوریہ ایران کے اس کامیاب اقدام پر اپنا ردعمل ظاہر کیا ہے۔

امریکی صدر ٹرمپ نے ایرانی سیٹیلائٹ نور کو خلا میں روانہ کئے جانے پر اپنے ردعمل میں کہا کہ واشنگٹن ایران پر قریب سے نظر رکھے ہوئے ہے۔ 
صیہونی حکومت کی وزارت خارجہ نے بھی سپاہ پاسداران کے اس کامیاب اقدام پر اپنی ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل عالمی سطح پر ایران کی جانب سے سیٹیلائٹ خلا میں بھیجے جانے کی مذمت کئے جانے اور تہران کے خلاف مزید پابندیاں عائد کرنے کا خواہاں ہے تاکہ اسے خطرناک سرگرمیوں سے روکا جا سکے۔  

 

ٹیگس