ایرانی ماہرین نے راکٹ انجن ٹیکنالوجی تیار کر لی
Apr ۲۶, ۲۰۲۰ ۲۲:۵۱ Asia/Tehran
ایران کے خلائی سائنسدانوں نے مختلف طرح کے کیمیکل ری ایکشن تھرسٹر یا راکٹ انجنوں کی تیاری کی ٹیکنالوجی کو دیسی ٹیکنالوجی میں تبدیل کردیا ہے۔
خلائی راکٹوں، چاند گاڑیوں اور مصنوعی سیارچوں کو خلا میں حرکت اور اپنی پوزیشن کنٹرول کرنے کے لیے خاص قسم کے انجن کی ضرورت ہوتی ہے جنہیں خلائی ٹیکنالوجی کی اصطلاح میں تھرسٹر کہا جاتا ہے۔
ایران کے خلائی تحقیقاتی ادارے کے سربراہ حسین صمیمی نے بتایا ہے کہ ان کے ادارے نے مختلف طرح کے سنگل اور ڈبل اسٹیج تھرسٹر انجن تیار کر لیے ہیں اور ان کی آزمائش پوری طرح اطمینان بخش رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خلائی تحقیقاتی ادارے کے تیار کردہ راکٹ انجنوں کا ڈھانچہ پلاٹینیم کی مخصوص بھرت سے تیار کیا گیا ہے جو انتہائی درجہ حرارت برداشت کرنے کے ساتھ ساتھ آکسیڈیشن کے عمل میں بھی پائیدار رہتی ہے۔
ایران کے خلائی تحقیقاتی ادارے کے سربراہ نے کہا کہ سنگل اور ڈبل اسٹیج تھرسٹروں کی اندرون ملک تیاری کے نتیجے میں، مختلف قسم کے مصنوعی سیارچوں کو خلا میں بھیجنے اور دوسرے خلائی مِشَنوں کی انجام دہی کا راستہ پوری طرح ہموار ہوگیا ہے۔