ایران؛ آنکھ کے ذریعے بیماریوں کی تشخیص دینے والا اسمارٹ سسٹم تیار
May ۰۳, ۲۰۲۰ ۱۸:۳۶ Asia/Tehran
ایران کی امیرکبیر یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے ماہرین نے آنکھ کے ذریعے بیماریوں کی تشخیص دینے والا اسمارٹ سسٹم تیار کر لیا ہے۔
امیر کبیر یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کی محقق اور مذکورہ پروجیکٹ کی بانی شیدا میر لو کا کہنا ہے کہ آنکھ کے ذریعے بیماریوں کی تشخیص کا نظریہ نیا نہیں بلکہ قدیم زمانے میں ماہر اطباء اس سے کام لیتے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس پروجیکٹ کا مقصد آنکھ کی عکس بندی کے ذریعے شریانوں کے سخت ہو جانے کی بیماری ایتھیرو اسکلیروسس کا پتہ لگانا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس پروجیکٹ کے تحت اس بیماری میں مبتلا سو افراد جبکہ نو صحت مند افراد کی آنکھوں کا ڈیٹا جمع کیا گیا ہے۔ شیدا میر لو کا کہنا تھا کہ آنکھ کی پتلی کے ذریعے بیماری کی تشخیص کا ترانوے فیصد امکان پایا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں اگر بیماری کی تشخیص ہو جائے تو ڈاکٹروں کو علاج کرنے اور مریض کو صحت یاب ہونے میں کافی مدد مل سکتی ہے۔