ایران و پاکستان مشترکہ اقتصادی و دفاعی تعاون کو تیار
ایران کی مسلح افواج کے کمانڈر انچیف نے پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے اسلام آباد کے ساتھ اقتصادی اور دفاعی تعاون کی توسع کے لئے تہران کی آمادگی کا اعلان کیا۔
ایران کی مسلح افواج کے کمانڈر انچیف میجر جنرل محمد باقری نے پیر کے روز پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ٹیلیفون پر گفتگو کی جس میں انہوں نے دونوں ملکوں کی مسلح افواج کے درمیان برادرانہ ماحول میں بڑھتے ہوئے تعلقات کے عمل پر اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے مشترکہ سرحدوں پر سیکورٹی اقدامات میں اضافے اور سرحدوں پر مسائل پیدا کرنے کے لئے بعض دہشت گرد گروہوں اور دونوں قوموں کے مشترکہ دشمنوں کی جانب سے غلط فائدہ اٹھائے جانے کی روک تھام کئے جانے پر بھی تاکید کی۔
جنرل باقری نے امید ظاہر کی کہ پاکستان کے فوجی حکام ایران کے تین سرحدی سیکورٹی اہلکاروں کی رہائی کے لئے جنہیں جیش الظلم دہشت گرد ٹولے نے اغوا کر رکھا ہے، ٹھوس اقدامات عمل میں لائیں گے۔
اس ٹیلیفونی گفتگو میں پاکستان کے آرمی چیف نے بھی مشترکہ سرحدوں پر باڑھ لگائے جانے سے متعلق اقدامات کے بارے میں رپورٹ دیتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان فوجی اور دفاعی تعلقات کے فروغ کی جانب اشارہ کیا اور مشترکہ سرحدوں پر امن و استحکام کے تحفظ نیز دہشت گردانہ اقدامات کی روک تھام کے لئے ماہرین کے وفود کے تبادلے اور ان کے درمیان مفاہمت کی ضرورت پر زور دیا۔
فریقین نے اسی طرح ایران اور پاکستان کے فوجی تعلقات، کورونا کے بحران اور مشترکہ سرحدوں پر سیکورٹی کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔