May ۱۱, ۲۰۲۰ ۲۳:۳۰ Asia/Tehran
  • ایرانی سائنسداں جلد ہی وطن واپس آجائیں گے: جواد ظریف

ایران کے وزیرخارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ ایرانی سائنسداں سیروس عسکری جلد ہی وطن واپس آجائیں گے

ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے پیر کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی سائنسداں جنہیں امریکی حکومت نے گرفتار کر رکھا ہے، ہر طرح کے الزام سے بری ہیں اور اگر ان کا کورونا ٹیسٹ منفی رہا تو وہ پہلی پرواز سے ایران واپس آ سکتے ہیں۔

انسٹھ سالہ ایرانی سائنسداں سیروس عسکری، اوہائیو یونیورسٹی سے تجارتی رموز و دستاویز چوری کرنے کے بے بنیاد الزام سے نومبر دوہزار انیس میں ہی بری ہو گئے تھے تاہم امریکہ کے امیگیریشن ادارے نے انہیں ایران واپس آنے کی اجازت نہیں دی تھی۔

درایں اثنا وزیر خارجہ نے افغان مہاجرین کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کے بارے میں کہا کہ یہ واقعہ نہایت ناگوار تھا اور ایرانی وزارت داخلہ اور اعلی قومی سلامتی کمیشن اس کا جائزہ لے رہے ہیں۔

ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا کہ یہ  واقعہ افغانستان کے اندر پیش آیا تھا، تاہم اسلامی جمہوریہ ایران کے لئے افغانستان کی اہمیت اور دونوں ملکوں کے برادرانہ تعلقات کے پیش نظر طے پایا ہے کہ ایک مشترکہ ٹیم اس موضوع کی تحقیقات کرے گی۔

افغانستان کے بعض ذرائع ابلاغ نے دعوی کیا ہے کہ چالیس افغان شہری روزگار کی تلاش میں ایران گئے تھے جنہیں ایرانی بارڈر سیکورٹی اہلکاروں نے گرفتار کر کے ہری  ندی میں ڈال دیا جس کے نتیجے میں کئی افراد کو اپنی جان سے ہاتھ دھونا پڑا ہے۔

یہ دعوے ایسی حالت میں کئے گئے ہیں کہ ایران اور افغانستان کے تعلقات نہایت دوستانہ ہیں اور ایران کی بارڈر سیکورٹی فورس سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ہی افغان شہریوں کی قانونی رفت و آمد میں مدد کرتی ہے۔

ٹیگس