دنیا سمجھ چکی ہے کہ امریکہ قابل اعتماد نہیں: جواد ظریف
May ۱۲, ۲۰۲۰ ۱۲:۵۴ Asia/Tehran
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ کسی بھی قسم کے مذاکرات نہیں ہو رہے، اس لئے کہ امریکیوں نے اپنے عمل سے دکھا دیا کہ وہ قابل اعتماد نہیں ہیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے آج منگل کے روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکہ کے ساتھ ممکنہ طور پر مذاکرات کے حوالے سے کہا کہ امریکی حکام نے اپنے عمل سے دکھا دیا کہ وہ قابل اعتماد نہیں ہیں اور ان کے ساتھ مذاکرات کے نتائج پر اعتماد نہیں کیا جا سکتا۔
محمد جواد ظریف نے کہا کہ پوری دنیا اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ امریکہ کے ساتھ کوئی بھی معاہدہ پائیدار نہیں ہوتا اس لئے کہ وہ کسی بھی لمحے معاہدے کو نظر انداز کر سکتا ہے اور موجودہ امریکی حکومت کو چاہئے کہ وہ بہانے بنانے کے بجائے اپنے رویے کو درست کرے۔