امریکہ سرکاری دہشت گردی بند کرے: ایران
ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے دہشت گردی کے خلاف مہم میں ایران کی جانب سے عدم تعاون سے متعلق امریکی وزارت خارجہ کی طرف سے کئے جانے والے دعوے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ اس حد میں نہیں کہ وہ دہشتگردی مخالف مہم چلانے کا دعوا کرے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے جمعرات کے روز ایک ٹوئٹ میں ایران کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف مہم میں امریکہ کے ساتھ تعاون نہ کئے جانے کے بارے میں واشنگٹن کے مضحکہ خیز دعوے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ایسے عالم میں کہ جب امریکہ، مختلف دہشت گرد گروہوں کی مکمل حمایت و مدد کرتا رہا ہے اور سرکاری دہشت گردی کے عملی نمونے پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ایک دہشت گرد اور غاصب حکومت کی کھلی حمایت کرتا ہے، وہ دہشت گردی کے خلاف مہم چلانے کا ہرگز دعویدار نہیں بن سکتا۔
امریکی حکومت نے ہمیشہ اور بالخصوص حالیہ برسوں کے دوران علاقے میں مختلف دہشت گرد گروہوں منجملہ داعش، القاعدہ اور غاصب و جعلی صیہونی حکومت کی کھلی اور بھرپور حمایت کی ہے۔